Live Updates

پانامہ حکمرانوں کے گلے کا طوق بن گیا ،وزراء کے رویوں میں تلخی بڑی معنی خیز ہے‘ جمشید چیمہ

وزراء اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے جھوٹ بولنے کا اوور ٹائم لگا رہے ہیں‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

اتوار 23 اپریل 2017 12:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پانامہ موجودہ حکمرانوں کے گلے کا طوق بن گیا ہے ،آئندہ عام انتخابات میں سر خرو ہونے کے دعوے کرنے والے عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے ، پانامہ فیصلے کے بعد وزراء کے رویوں میں تلخی بڑی معنی خیز ہے ۔ پارٹی دفتر میں کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے فوری جشن تو منا لیا ہے لیکن انہیں اب سمجھ آیا ہے کہ پانامہ فیصلے میں ان کی قیاد ت کے بارے میں کیا ججمنٹ دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

(ن) لیگ والے قوم کو بتا دیں فیصلے میں کس جگہ پر نواز شریف کو صادق اور امین قرار دیا گیاہے ۔ وزراء اپنی نوکری پکی کرنے کے لئے جھوٹ بولنے کا اوور ٹائم لگا رہے ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے اورمستقبل کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے ۔ انہوںنے کہا کہ فیصلے کے بعد (ن) لیگ شدید صدمے سے دوچار ہے اوروزراء کے رویوں میں تلخی بڑی معنی خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں ۔ آئندہ عام انتخابات میں سر خرو ہونے کے دعوے کرنے والے عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات