پنجاب اسمبلی کا 28واں اجلاس ( آج )شروع ہوگا ،پانامہ کے معاملے پر ہنگامہ خیز رہنے کا امکان

قائد حزب اختلاف نے ایوان میں متفقہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بھی طلب کر لیا‘ ذرائع

اتوار 23 اپریل 2017 12:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) پنجاب اسمبلی کا 28واں اجلاس آج ( پیر ) دو پہر دو بجے سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوگا ،پانامہ کے معاملے پر اجلاس ہنگامہ خیز رہنے کا امکان ہے ۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے پنجاب اسمبلی کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ، حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس کے اوقات میںاطراف سے گزرنے والی دونوں شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے مکمل بند رکھی جائیں گی جبکہ قریبی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے ۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے مختلف محکموں کے سوالات کے حوالے سے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آج 24اپریل کو محکمہ داخلہ سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے جائیں گے ،25اپریل کو مال و کالونیز،26اپریل لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ،27اپریل سکولز ایجوکیشن،28اپریل ہائوسنگ ،شہری ترقی و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،2مئی کو پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر،3مئی ہائیر ایجوکیشن ،4مئی سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،5مئی جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پروری اور آبپاشی،8مئی خوراک اور تحفظ ماحول،9مئی محنت و انسانی وسائل اور سپیشل ایجوکیشن،10مئی صنعت، تجارت و سرمایہ کاری اور جیل خانہ جات،11مئی مواصلات و تعمیرات اورمحکمہ خزانہ،12مئی یوتھ افیئر،سپورٹس اورکان کنی و معدنیات ،15مئی آبکاری،محصولات ، انسداد منشیات اورسماجی بہبود و بیت المال جبکہ 16مئی کو زراعت ، امور پرورش حیوانات و ڈیری ڈویلپمنٹ اور محکمہ بہبود آبادی کے محکموں سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کا فیصلہ آنے کے بعد اجلاس ہنگامہ خیز رہنے کا امکان ہے اور اس کیلئے اپوزیشن جماعتوں نے آپس میں رابطے کر لئے ہیں ۔قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی کے اجلا س سے قبل تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں کا اپوزیشن چیمبر میں مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں متفقہ لائحہ عمل اپنانے سے متعلق گفتگو ہو گی ۔دوسری طرف پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوگا ۔