سنجے دت کی جیل یاترا کے بعد ’بھومی‘سے فلم انڈسٹری میں واپسی

فلم کی شوٹنگ آگرہ میں شروع ،رواں سال 22ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی باپ بیٹی کے خوبصورت رشتے پرمبنی فلم کی شوٹنگ شروع ہونے پر بہت خوش ہوں، بالی ووڈ اداکار کی گفتگو

اتوار 23 اپریل 2017 11:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء) بالی ووڈ کے معروف اداکارسنجے دت نے جیل سے قید کی سزا پوری کرنے کے بعد نئی بالی ووڈ فلم’بھومی‘سے فلم انڈسٹری میں واپس قدم رکھ دیاہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت کو گزشتہ سال جیل سے رہائی ملی تھی جس کے بعد وہ فلم نگری میں واپسی کیلئے کافی تگ ودود کررہے تھے، تاہم اب انہوں نے نئی بالی ووڈ فلم ’بھومی‘سے 4سال بعد فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیا ہے جس کی شوٹنگ بھارتی شہر آگرہ میں شروع ہو گئی ہے جبکہ یہ فلم رواں سال 22ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس فلم میں آدتیہ رائے حیدری اور سدھانتھ گپتا بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے، شوٹنگ کے دوران سنجے دت کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے فلم کے سیٹ پر مداحوں کی بھیڑ جمع ہوگئی جس پراداکار نے خوشی کا اظہار کیا اور مداحوں کا ہاتھ ہلاکر شکریہ ادا کیا۔سنجے دت فلم نگری میں واپسی پر نہایت پر جوش ہیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے پر بہت خوش ہوں اور یہ باپ بیٹی کے خوبصورت رشتے پرمبنی فلم ہے جو رواں سال ریلیز کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :