مریم بی بی اور انکی جماعت کو پہنچنے والے شدید ترین نفسیاتی صدمے کے بعد ان سے ہمیں پوری ہمدردی ہے‘نعیم الحق

کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے یوں رنگے ہاتھوں پکڑا جائے تو شدید ذہنی صدمے کا پہنچنا فطری ہے‘نواز شریف اور انکے قریبی رفقاء نے بیچارے وزیروں اور نون لیگی کارکنان کے ساتھ سخت زیادتی کی‘مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان تحر یک انصاف

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء)مریم بی بی اور انکی جماعت کو پہنچنے والے شدید ترین نفسیاتی صدمے کے بعد ان سے ہمیں پوری ہمدردی ہے۔کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے یوں رنگے ہاتھوں پکڑا جائے تو شدید ذہنی صدمے کا پہنچنا فطری ہے۔نواز شریف اور انکے قریبی رفقاء نے بیچارے وزیروں اور نون لیگی کارکنان کے ساتھ سخت زیادتی کی۔

یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے مریم اورنگزیب کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بیچارے وزیروں اور کارکنوں کو بتایا جاتا رہا کہ میاں صاحب کا تو پانامہ میں نام ہی نہیں۔بیچاروں کو دلاسے دیے جاتے رہے کہ نواز شریف کیخلاف ثبوتوں کی حیثیت"ردی اور پکوڑوں کے کاغذ" سے زیادہ نہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد بھی ان بیچاروں سے جھوٹ بولا گیا اور مٹھایاں کھلا کر گمراہ کرنے کی کوششیں کی گئیںجبکہ سپریم کورٹ نے متفقہ طور پر قرار دیا کہ نوازشریف اور انکا خاندان تسلسل سے جھوٹ بولتا رہاہے۔

نعیم الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بنچ نے متفقہ طور پر عمران خان کا مؤقف اور پیشکردہ تمام ثبوتوں کو قبول بھی کیا اور فیصلہ بھی سنایا۔مسقبل کے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت سینئر ترین جج صاحب نے نواز شریف کو فوراً نااہل قرار دینے کا حکم سنایا۔سپریم کورٹ نے قوم کو بتایا کہ نواز شریف اور انکی اولاد کی خوش قسمتی کے پیچھے انتہائی سلیقے سے کی گئی چوری کارفرما ہے۔ نعیم الحق نے مزید کہا کہ انشاء اللہ 60 روز بعد سپریم کورٹ متفقہ طور پر نواز شریف پر بددیانتی اور خیانت کی مہر ثبت کرے گی۔عیدالفطر کے بعد قوم کو انشائ اللہ کرپشن کے گارڈفادر سے ہمیشہ کیلئے نجات ملے گی۔