چوہدری نثار اور عابد شیر علی جیسے لوگ ہی درحقیقت جمہوریت کے دشمن کہلائے جانے کے مستحق ہیں، سہیل انور سیال

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:27

چوہدری نثار  اور عابد شیر علی جیسے لوگ ہی درحقیقت جمہوریت کے دشمن کہلائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) سندھ کے وزیر برائے زراعت و معدنیات سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان اور عابد شیر علی جیسے لوگ ہی درحقیقت جمہوریت کے دشمن کہلائے جانے کے مستحق ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے یہ دونوں وزراء اس وقت کہاں تھے جب میاں نواز شریف کو جلاوطن کیا جارہا تھا ۔آصف علی زرداری نے ناکردہ گناہوں پر ایک طویل عرصہ جیل کاٹی لیکن کبھی کسی ڈیل کے ذریعہ محفوظ راستہ نہیں مانگا ۔

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں سہیل انور سیال نے کہا کہ عابد شیر علی اور چوہدری نثار اسوقت میڈیا کے مسخرے بنے ہوئے ہیں۔جگہ جگہ سر اور تال کے ساتھ ناچ بھی رہے ہیں اور گا بھی رہے ہیں ۔ان کی مثال ایسے ہی لوگوں کی سی ہے جو یہ تک بھول جاتے ہیں کہ کیا صحیح اور کیا غلط ہے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف کے رازدار اور غم خوار بنے ہوئے دونوں وزراء بتائیں کہ وہ اس وقت کہاں تھے جب ان کے قائد سینٹرل جیل کی سلاخوں کے پیچھے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے اور ان کو جلاوطن کیاجارہا تھا ۔

اس وقت یہ دونوں رہنما جمہوریت دشمنوں کی گود میں بیٹھے ہوئے تھے ۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کی ہی قیادت تھی جس نے جمہوریت کو مضبوط کیا اور ایک ڈکٹیٹر کی وردی اتار کر اسے مجبور کیا کہ نوازشریف کی جلاوطنی کو ختم کیا جائے اور اسے موقع دیا جائے کہ وہ جمہوریت پرست بن جائیں۔سہیل انور سیال نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بغیر کسی جرم کے طویل عرصے تک جیل کاٹی ،مقدمات کا سامنا کیا اور کبھی بھی یہ نہیں کہا کہ مجھے محفوظ راستہ یا ڈیل کرو ۔انہوںنے ہمیشہ صبر و استقامت اور انتہائی دلیری کے ساتھ اپنے خلاف درج مقدمات کا دفاع کیا ہے ۔