موسم گرما شروع ہوتے ہی حیسکو نے غیر اعلانیہ وطویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،ایچ ڈی اے واسا ترجمان

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:27

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) ایچ ڈی اے واسا ترجمان نے کہا ہے کہ موسم گرما شروع ہوتے ہی حیسکو نے غیر اعلانیہ وطویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس سے فراہمی آب کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ، کئی کئی گھنٹے بجلی کے مسلسل تعطل اور بار بار پاور ٹرپ کے باعث واسا کے تمام فلٹر پلانٹس سے فراہمی آب کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں واسا ترجمان نے بتایا کہ موسم گرما شروع ہونے کے ساتھ جوں جوں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور پانی کی طلب بڑھ رہی ہے ویسے ہی حیسکو نے بھی اپنی غیر اعلانیہ وطویل لوڈ شیڈنگ میں بھی بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بجلی کے تعطل میں اضافے سے جہاں شہر یوں کے معمولات زندگی بری طرح متاشر ہورہے ہیں وہیں فراہمی آب کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا شدید مشکل ہو چکا ہے اور متبادل فیڈرز کے باوجود تقریباً تمام فلٹر پلانٹس بجلی کے کئی کئی گھنٹے تعطل اور بعد ازاں بار بار پاور ٹرپ کی شکایات کے باعث فلٹر پلانٹس کی انتہائی حساس مشینری کا کام کرنا شدید مشکل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں سے قلت آب کی شکایات موصول ہورہی ہیں، ترجمان کے مطابق واسا اپنے صارفین کی اذیت سے بخوبی واقف ہے تاہم اس شکایت کے ازالے کے لئے حیسکو کے تعاون کا محتاج ہے کیونکہ فراہمی آب کے سسٹم کو رواں رکھنے کے لئے بجلی موجود گی لازم ہے، ایچ ڈی اے واسا حکام موجودہ تکلیف دہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے حیسکو کے ذمہ داروں سے رابطہ میں ہے اور کوشش ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے فراہمی آب کے عمل کو بطریق احسن جاری رکھا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :