پاک سر زمین پارٹی نے پریس کلب کے باہر کارکنان کا اجلاس طلب کر لیا

حکمران غفلت کی نیند سوتے رہے تو عوام کے مسائل ملین مارچ کے ذریعے حل کروائیں گے،مصطفی کمال پاک سر زمین پارٹی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے 16 نکات پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) پاک سرزمین پارٹی پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمارے احتجاج کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے،آج( اتوار) کارکنان کا عظیم الشان اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں کارکنان کو حالات سے مکمل طور پر آگاہ کر کے ان سے آگے کا لائحہ عمل لیا جائے گا۔ حکمران غفلت کی نیند سوئے ہوئے ہیں اور صرف کرپشن میں مصروف ہیں عوام کے مسائل سے ان۔

کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر لگائے ہوئے احتجاجی کیمپ کے 18ویں روزہفتہ کو میڈیا کے نمائندوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید مصطفی کمال نے کارکنان کی جانب سے بڑی تعداد میں احتجاجی مہم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مسئلہ پینے کا صاف پانی، معیاری تعلیم، اسپتالوں میں دوائیں، شہر کی صفائی، سڑکوں کی تعمیر اور سستی بجلی جیسی بنیادی ضروریات زندگی کا حصول ہے جن کے لئے حکومت بالکل غیر سنجیدہ ہے، کوئی عملی کام نہیں کر رہی اور نہ۔

(جاری ہے)

ہی ان حالات میں بھی اپنا قبلہ درست کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کے مسائل اب ملین مارچ کے ذریعے حل کروائیں گے، حکمران اس وقت اس غلط فہمی میں ہیں کہ یہ قوم ہمیشہ کی طرح جاگ نہیں سکتی لیکن وہ عوامی طاقت کو نظرانداز کرنے کی غلطی کر رہے ہیں کیونکہ اب عوام کے پاس پاک سر زمین پارٹی کی صورت میں ایک پلیٹ فارم موجود ہے جو عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ انہوں نے احتجاجی مہم کا پہلے مرحلے کے ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب کارکنان گھر گھر جائیں اور لوگوں کو پاک سر زمین پارٹی کا پیغام پہنچا کر دعوت دیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر آمادہ کریں، پاک سر زمین پارٹی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے 16 نکات پر کسی قسم۔ کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔