اسلام آباد کے میئر کا اسلام آباد میں نیزہ بازی کے لیے گرائونڈ مختص کرنے کا اعلان

آئندہ سال نیزہ بازی کے مقابلے نئے گرائونڈ میں منعقد کیے جائیں گے

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے دو روزہ نیزہ بازی کے مقابلے حسینیہ نقوی البخاری کلب آف پاکستان نے جیت لیے ۔ یہ دوروزہ نیزہ بازی کے مقابلوں کی اختتامی تقریب ہفتہ کے روز اسلام آباد کے F-9 پارک میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے جبکہ میئر اسلام آبادو چیئرمین شیخ انصر عزیز اور ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی کے علاوہ ایم سی آئی کے دیگر منتخب نمائندے بھی اختتا می تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے رنگا رنگ ثقافت اور قابل فخرتہذیب سے نوا زا ہے اورموجودہ حکومت وفا قی دارلحکومت میں علا قائی اور ثقافتی کھیلوں کے انعقاد اور روایات کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیزہ بازی جرات ، بہا دری اور مہارت کا حسین امتزاج ہے جس کو نا صرف اسلام آباد کے رہائشی بلکہ اسلام آباد میں مقیم دیگر ممالک کے لوگ بھی بے حد پسند کرتے ہیں اس لئے میٹرو پولیٹین کاروپوریشن نے نیزہ بازی کے لیے علیحدہ گرائونڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ سال نیزہ بازی کے مقابلے نئے تعمیر کردہ گرائونڈ میں کیے جائیں گے اور نیزہ بازی کے مقا بلوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیزہ بازی کا کھیل ہمارے آباو اجداد کی شاندار روایات کاآ ئینہ دارہے اور نیزہ بازی جیسے تفریحی مقابلوں کا انعقاد معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ میٹروپولیٹن کار پوریشن اسلام آباد اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایسی مثبت سر گرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گی۔

انہوں نے نیزہ بازی کے مقا بلوں کے انتظامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ اتنی کثیر تعداد میں شہسوارں کو ایک پلیٹ فارم پرجمع کرنا قا بل ستائش ہے۔دو روزہ نیزہ بازی کے مقا بلوں میں پہلی پوزیشن حسینیہ نقوی البخاری کلب پاکستان نے لی جس کے سر پرست ڈپٹی مئیر ایم سی آئی سید ذیشان نقوی ہیں ۔ نیزہ با زی کے دو روزہ مقا بلوں میں دوسری پوزیشن الامین غازی کلب فیصل آباد نے حاصل کی جبکہ چناب پرنس کلب نے نیزہ بازی کے ان مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر ڈپٹی مئیر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سید ذیشان نقوی نے بتایا کہ دو روز تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں میں125سے زائد مشہور کلبوں اور700سے زائد نامور شاہسواروں نے حصہ لیا ۔ مقابلوں کو سنگل ، ڈبل، اور چار شاہسواروں کی دوڑ کی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیاتھا۔ تقریب کے اختتام پر وزیرِ مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گھڑ سواروں میں انعامات تقسیم کیے۔ نیزہ بازی کے ان مقابلوں میں جڑواں شہروں کے رہا ئشیوں کے علاوہ سفارتکاروںاور دیگر ممالک کے اسلام آباد میں مقیم افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔