خوف ودہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے،کتاب آزادی کا پیغام دیتی ہے،پاکستان کی ترقی ،کرپشن ودہشت گردی کے خاتمے کیلئے کتاب سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہوگا،اگر ہماری حکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو پاکستان خوشحال، کرپشن فری، ترقیافتہ ملک بن سکتا ہے، عابد شیر علی کو اللہ ہدایت نصیب فرمائے ، نکاح سنت رسولؐ ہے، نکاح کے بغیر زندگی گزارنا مناسب نہیں،

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، چائینہ فرینڈ شپ سینٹر میں نیشنل میںقومی کتاب میلہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:12

خوف ودہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے،کتاب آزادی کا پیغام دیتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خوف اور دہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے،کتاب آزادی کا پیغام دیتی ہے،پاکستان کی ترقی ،کرپشن ودہشت گردی کے خاتمے کے لیے کتاب سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہوگا،اگر ہماری قیادت اورحکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو پاکستان خوشحال، کرپشن فری، روشن اور ترقیافتہ ملک بن سکتا ہے، عابد شیر علی کو اللہ ہدایت نصیب فرمائے ، نکاح سنت رسولؐ ہے، نکاح کے بغیر زندگی گزارنا مناسب نہیں ۔

وہ ہفتے کے روز پاک چائینہ فرینڈ شپ سینٹر میں نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیراہتمام قومی کتاب میلے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں کتاب میلے کے انعقاد پر نیشنل بک فاؤنڈیشن اور اس کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کتاب میلے میں بچے، بوڑھے، مرد و خواتین شریک ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اس بات کی علامت ہے کہ نئی نسل میں کتاب کے مطالعے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ خوف اور دہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے اور ام الکتاب قرآن مجید تمام مشکلات کا حل ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ نئی نسل کے لئے اس کتاب میلے میں بہت کچھ ہے۔ 134 سے زائد اداروں نے یہاں اپنے سٹالز لگائے ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی طرف سے یہ 18واں کتاب میلہ ہے۔ یہ کتاب میلہ نوجوانوں کو بہترین رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی ترقی کا راز کتاب سے محبت میں ہے جب مسلمان دنیا پر حکمرانی کرتے تھے تو کتاب اور علم سے محبت ان کی ترقی کا راز تھا جیسے جیسے ہم زوال کی طرف آتے گئے تو کتاب سے ہمارا تعلق کمزور ہوتا گیا کیونکہ ملوکیت، بادشاہت اور ڈکٹیٹر شپ کو کتاب پسند نہیں۔ دراصل کتاب آزادی کا پیغام دیتی ہے اور فتح کی نشانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب انسان بننے کے لئے کتاب کے ساتھ تعلق اور دوستی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک طرف دنیا میں انبیائے کرام بھیجے تو دوسری طرف کتابیں بھیجیں۔ ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پہلی وحی کے ذریعے ’’اقراء‘‘ پڑھنے کا حکم دیا گیا۔ قیامت کے دن بھی ہمارا اعمال نامہ کتاب کی صورت میں دیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اورملک سے کرپشن، دہشت گردی اور خوف کا خاتمہ ہو تو اس کا واحد حل کتاب سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہے۔

اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ میں نے مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے کئی کتابیں خریدی ہیں کچھ مجھے تحفے میں ملی ہیں لیکن ایک کتاب جو میں پوری قوم کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں قوم اگر اس پر عمل کرے تو کامیاب ہو جائے گی۔ اس موقع پر سراج الحق نے بچوں کی ایک کتاب ’’جھوٹ نہ بولو‘‘ میڈیا کے سامنے پیش کی اور کہا کہ ہماری سیاست کا بھی یہی مسئلہ ہے، قیادت کا بھی یہی مسئلہ ہے اور معاشرے کا بھی یہی مسئلہ ہے۔

جھوٹ تمام برائیوں کی ماں ہے۔ اگر ہماری قیادت حکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو پاکستان خوشحال، کرپشن فری، روشن اور ترقیافتہ ملک بن سکتا ہے۔ ان سے جب وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے سراج الحق کی جانب سے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا نکاح پڑھنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نکاح سنت رسولؐ ہے، نکاح کے بغیر زندگی گزارنا مناسب نہیں ہے میں اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتا کتاب میلے میں آیا ہوں بس اتنا کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ عابد شیر علی کو ہدایت نصیب فرمائے۔

اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے کتاب میلے میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کتابیں خریدیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی طرف سے کتاب میلے میں آنے والے شرکاء کے لئے ایک قرعہ اندازی کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ سراج الحق نے قرعہ اندازی کی پرچیاں اپنے ہاتھ سے نکالیں اور جیتنے والے خوش نصیبوں کو کتابوں کی شکل میں انعامات دیئے۔