پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، طلال بدر چوہدری

ے ملک میں دہشتگردی میں کمی آئی ہے اور بجلی کے منصوبے مکمل ہورہے ہیں، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی

ہفتہ 22 اپریل 2017 23:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی/ ایم این اے طلال بدرچوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور حساب مانگنے والوں کو ہماری کارکردگی کا بھی حساب مانگنا چاہیئے ملک میں دہشتگردی میں کمی آئی ہے اور بجلی کے منصوبے مکمل ہورہے ہیں وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں وطن عزیز ترقی کی جانب گامزن ہے اور آئندہ سال تک سی پیک، انرجی،انفراسٹریکچر کے بڑے منصوبے مکمل ہونگے اور الزام تراشیاں کرنے والوں کو آئندہ عام انتخابات میں بھی ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگایہ بات انہوںنے بچیانہ تحصیل جڑانوالہ میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی تختی کی نقاب کشائی کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے مزید کہا کہ لاہور،کراچی موٹر وے پرکام تیز رفتاری سے جاری ہے اور انہی اقدامات پر عوام 2018 میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہی بھاری اکثریت سے منتخب کرے گی، حلقہ کی تعمیر و ترقی اولین ترجیحات ہے اور صحت،مواصلات کے ساتھ خصوصی تعلیم کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں،بچیانہ سپیشل ایجوکیشن سنٹر انہی کاوشوں کا حصہ ہے اس موقع پر صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود اور بھلائی کیلئے وسیع بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سپیشل بچوں کی بحالی کے اداروں میں معیاری تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز ہے کیونکہ خصوصی بچوں کی کفالت اور نگہداشت کسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہے۔ خصوصی بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں احساس محرومی کا شکار نہ ہونے دیا جائے اس سلسلے میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار ناگزیر ہے۔

انہوں نے بچیانہ میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے قیام کیلئے مقامی ارکان اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس سینٹر کی باقاعدہ عمارت کیلئے آئندہ مالی سال میں 7 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں جبکہ طالب علموں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت،آلہ سماعت کی فراہمی اور دیگر درکار ضرورت کیلئے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے خصوصی بچوں کی فلاح و ترقی کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر کے سپیشل ایجوکیشن سینٹرز میں بچوں کو لانے اور لے جانے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس،موسم سرما اور گرما کیلئے الگ الگ یونیفارم،فری کتابیں،مفت تعلیم،ماہانہ 800 روپے حوصلہ افزائی وظیفہ،نابینا بچوں کو الفاظ محسوس کرکے پڑھنے والی بریل بکس کی فراہمی شامل ہیں۔

صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں معاشرے میں قابل قدر مقام دلانے میں اساتذہ کی گرانقدر محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔۔ڈائریکٹر سپیشل ایجوکیشن فاضل چیمہ نے بتایا کہ بچیانہ کے علاوہ صوبہ کے دیگر 5 رورل ایریاز میں بھی خصوصی تعلیم کے ادارے قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں فیصل آباد میں سپیشل بچوں کیلئے ڈگری کالج کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ بچیانہ سمیت ضلع میں خصوصی تعلیم کے 16 سنٹرز کام کررہے ہیں جہاں خصوصی بچوں کو معیاری اور بامقصد تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردارسازی پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اداروں میںتجربہ کار اساتذہ محنت اور لگن سے فرائض انجام دے کر معاشرے کی گرانقدر خدمات کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان سینٹرزمیں تقریباً 3 ہزار سپیشل بچے زیر تعلیم ہیں اور خصوصی افراد بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر نہ صرف اعلیٰ عہدوں پر فائز بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

تقریب کے دوران مختلف اداروں کے طلباء و طالبات نے ٹیبلوز کے ذریعے متاثر کن پروفارمنس پیش کی جبکہ گوجرہ سنٹر کے سماعت سے محروم طالب علم اویس قادری نے ’’وہی تو ہے جو نظام ہستی چلارہا ہے وہی خدا ہے‘‘ پڑھ کر حاضرین سے داد وصول کی۔