سعد رفیق کے تقریب سے خطاب کے دوران طلباء کے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے ‘ 4 طلباء کی حراست کے تھوڑی دیر بعد رہائی

وزیراعظم نوازشریف کے نوٹس کے بعد طلباء کی رہائی عمل میں آئی ریلوے پولیس نے کسی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا ، ترجمان کا موقف

ہفتہ 22 اپریل 2017 22:54

سعد رفیق کے تقریب سے خطاب کے دوران طلباء کے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے تقریب سے خطاب کے دوران طلباء نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگا دئیے ‘ پولیس نے 4 طلباء کو حراست میں لے لیا تاہم وزیراعظم نوازشریف کے نوٹس اورحکم کے بعد ان کھلاڑی طلباء کو رہاکردیا گیا ، ترجمان ریلوے کاکہناتھا کہ ریلوے پولیس نے کسی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو لاہور میں ریلوے اتھلیٹکس مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات میں و زیر ریلوے سعد رفیق کی موجودگی میں طلبہ نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگائے۔ جس پر ریلوے پولیس نے 4طالب علموں کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ اتھلیکٹس مقابلوں کی تقریب میں کوئی مداخلت نہیں ہوئی۔ ریلوے پولیس نے کسی طالب علم کو گرفتار نہیں کیا۔

(جاری ہے)

چندنوجوانوں نے و زیر ریلوے کی تقریر کے بعد نعرے لگانے کی کوشش کی۔ ریلوے ایتھلیٹ چیمپیئن شپ غیر سیاسی تقریب تھی جسے سازش کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق نے تقریب میں سیاسی سوالوں کے جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ہمار ی درخواست ہے کہ تحریک انصاف غیر سیاسی ایونٹس کو سیاسی نہ بنائے۔ ریلوے پولیس نے نعرے لگانے والے کسی طالب علم کو نہیں پکڑا بلکہ لڑکیوں کو تنگ کرنے والے چند طلبہ کو حراست میں لیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیا اور زیر حراست طلبہ کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ بعد ازاں پولیس نے چاروں طلبہ کو رہا کر دیا۔ حراست میں لئے جانے والے طلباء میں ابرار ‘ فتح اللہ ‘ وحید اور پپو شامل تھے۔ …(رانا)