صوبے اور فاٹا کے تمام کیڈرز اساتذہ سراپا احتجاج پر ہیں حکومت ان کے جائز مسائل سنجیدگی سے حل کرے،سردار حسین بابک

ہفتہ 22 اپریل 2017 22:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہزاروں کی تعداد میںصوبے اور فاٹا کے تمام اساتذہ اپنے مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں،اور بدقسمتی سے حکومت کی غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری کی وجہ سے حالات اس حد تک پہنچ گئے ۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی تعلیمی ایمر جنسی لوگوں کو معلوم ہو چکی ہے، حکومت کو تعلیمی مسائل کے حل کیلئے فوری اور عملی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے طو ل و عرض میں والدین ، اساتذہ اور طالب علموں کو احساس ہو چکا ہے کہ اے این پی دور حکومت میں تعلیمی میدان میں تاریخی اور انقلابی اصلاحات عمل میں لائے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو صوبے کے زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے مسائل کا ادراک کرنا چاہیے اور خالی نعروں اور میڈیا کے سہارے جینے والی صوبائی حکومت کی اصلیت عوام جان چکی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ سروس سٹرکچر ، این ٹی ایس کی مستقلی اور زنانہ اُستانیوں کی میٹرنٹی چھٹی ختم کرنے کے احکامات کو واپس لینا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ سروس سٹرکچر اور چار درجاتی فارمولا اے این پی دور کا تحفہ ہے۔ ان کی واپسی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے ہزاروں اساتذہ کا اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر آنا صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی صوبے میں حقیقی تعلیمی فروغ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :