عدالتی فیصلے کے بعد وزیر اعظم اخلاقی جواز کھوبیٹھے ہیں، نواز شریف کو فوری طور پر وزرات عظمیٰ سے استعفیٰ دے دینا چاہئے

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کاپیماکے زیر اہتمام دوروزہ ڈاکٹرز کنونشن سے خطاب

ہفتہ 22 اپریل 2017 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد وزیر اعظم اخلاقی جواز کھوبیٹھے ہیں، نواز شریف کو فوری طور پر وزرات عظمیٰ سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ وزیر اعظم کے خلاف دو ججوں کی رائے کے باجود مسلم لیگی کارکنوں کی جانب سے مٹھائیوں کی تقسیم پر حیرت ہے۔

جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے۔ امید ہے ساٹھ دن کے بعد عدالت وزیر اعظم اور کرپٹ ٹولے کو نااہل قرار دے دے گی۔ جماعت اسلامی پچھلے تین عشروں سے کرپشن کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔کرپشن کے خلاف جدوجہد کا آغاز قاضی حسین احمد نے کیا تھا۔ جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

رسول اللہ ؐ دعوت کے راستے میں بے پناہ تکالیف برداشت کیں۔

حضور ؐکی زندگی تمام دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔ تحفظ ناموس رسالت ایکٹ کے خلاف سازشیں برداشت نہیں کریں گے۔ رسول اللہ ؐ کی حرمت اور تحفظ ناموس رسالت کے قانون کی حفاظت کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔شعبہ طب سے وابستہ افراد عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ طب کے شعبے میں پیما کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ ہفتہ کو ایوب میڈیکل کالج میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے زیر اہتمام دوروزہ ڈاکٹرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔

کنونشن سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان ، پروفیسر انیس احمد، اوریا مقبول جان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 20 اپریل تاریخی دن ہے۔ اس لئے کہ پہلی بار موجودہ عدالت نے اور اس کے ججز نے حکومت وقت اور ایک موجودہ وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ دیا کہ یہ کلین نہیں ہیں۔ پانامہ کیس کی شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے لئے ضروری ہے کہ وزیراعظم پاکستان فوری استعفیٰ دے کروزارت عظمیٰ سے الگ ہو جائیں۔

نوازشریف کے لیے عزت کا بس ایک ہی راستہ بچا ہے کہ وہ آزادانہ تحقیقات کا ماحول مہیا کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپٹ ٹولے کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ان کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کی جائے۔ جب تک کرپٹ بدمعاشیہ اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کا بے لاگ اور بے رحمانہ احتساب نہیں ہوگا ، دہشت گردی ، بے روزگاری اور ناانصافی کا خاتمہ مشکل ہے۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔ ہم ملک سے کرپشن ختم کرکے رہیں گے۔ ہماری جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک کرپشن کا جڑ سے خاتمہ نہ ہوجائے۔