کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے،ہر ممکن سہولت کو یقینی بنایا جائیگا ‘ ملک احمد یار ہنجرا

خریداری مہم میں کسی بددیانتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ،حکومت پنجاب کی اس ضمن میں زیرو ٹالرینس پالیسی ہے

ہفتہ 22 اپریل 2017 21:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ کاشتکاروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے،گندم کی خریداری مہم میں کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت کو یقینی بنایا جائے گا ،خریداری مہم میں کسی بددیانتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت پنجاب کی اس ضمن میں زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس بہاول نگر میں گندم کی خریداری مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا عبدالرئوف،میاں فدا حسین کالوکا وٹو،ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد اظہرحیات ،اے ڈی سی رانا امجد علی، ڈی ایس پی صدر علی رضا کاظمی ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ بہاولپور چوہدری محمداجمل ، ڈی ایف سی بہاولنگر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی بدولت گندم کی بہترین پیداوار ہوئی ہے اور کاشت کاروں کو گندم کے خریداری مراکز پر کسی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اجلاس میں محکمہ خوراک کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ضلع بہاولنگر میں 23اپریل سے گندم کی خریداری کا آغاز کیاجارہا جس کے لیے باردانہ کی تقسیم اٹھارہ اپریل سے شروع ہوچکی ہے اور اب تک 10.5 فیصد (256126) بوری باردانہ تقیسم کی جاچکی ہے انہوں نے بتایاکہ محکمہ خوراک پنجاب نے بائیس خریداری مراکز قائم کیے ہیں جن میں چشتیاں میں نو ہارون آباد میں سات اور فورٹ عباس میں چھ مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ دو تحصیلوں بہاولنگر اور منچن آباد میں وفاقی محکمہ پاسکو نے گندم خریداری کے لیے بیس سنٹرز قائم کیے ہیں اجلاس کو بتایاگیا کہ امسال بہاولنگر میں نولاکھ پچیس ہزار ایکٹر پر گندم کاشت کی گئی ہے جوکہ پچھلے سال کی نسبت کافی زیادہ ہے محکمہ خوراک پنجاب دو لاکھ پینتالیس ہزارمیٹرک ٹن گندم کاشت کاروں سے خریدے گا اور سنٹرز پر مونیٹرنگ کے لیے کیمروں کی تنصیب بھی کی گئی ہے جبکہ ضلعی اور تحصیل مونیٹرنگ کمیٹیاں بھی قائم کی گئیں ہیں ۔

کاشت کاروں کے لیے خریداری مرکز پر بہترین سہولیات اور راہنمائی کے لیے فلیکسز پر ہدایات بھی درج کردی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :