لاہور: چلنے والی آندھی اور ہلکی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ، لیسکو کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے

ہفتہ 22 اپریل 2017 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) صوبائی دارلحکومت لاہر میں چلنے والی آندھی اور ہلکی بارش سے جہاں شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا وہاں پر لیسکو کے 100 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے۔ جس کے باعث گرین ٹائون، ٹائون شپ، کالج روڈ، ہربنس پورہ، مغلپورہ، شاہدرہ اور مانگا منڈی سمیت دیگر شہری اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی ترسیل گھنٹوں معطل رہی۔

جس کی وجہ سے شہری عذاب میں مبتلا رہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش سے موسم تو خوشگوار ہوگیا۔ لیکن حکمران اور لیسکو شہریوں پر مہربان نہ ہوئے۔ گزشتہ روز آندھی اور بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کی وجہ سے شہر میں کم سے کم درجہ حرات 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ خوشگوار موسم کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد بچوں اور بزرگوں کے ہمراہ مختلف پبلک پارکوں میں پہنچ گئی۔ جہاں پر شہری موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ (قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :