وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پختون قوم کسم پرسی کی زندگی گزار رہی ہے، سکندر شیرپائو

پختونوں کو تین حصوں میں تقسیم کر کے ان کے ساتھ اقلیتوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، سینئر وزیر خیبر پختونخوا

ہفتہ 22 اپریل 2017 19:51

وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پختون قوم کسم پرسی کی زندگی گزار رہی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین بے تحاشہ وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پختون قوم کسم پرسی کی زندگی گزار رہی ہے جبکہ صوبے کے تمام وسائل کے فوائدوفاق د وسرے لوگوں کو دے رہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے وسائل کے حصول اور ترقی کے لئے جنگ لڑ رہی ہے اور اس مقصد کے لئے پختونوں کا متفق ہونا نہایت ضروری ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہو ںنے وطن کور شیرپائو میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مندیزئی اور بٹگرام بازار ضلع چارسدہ سے یاسر خان ، حاجی شرف خان ، انور شاہ ، نور سید خان ، شمس الرحمان اور امیر رحمان نے اپنے درجنوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی کے 21-کے چیئرمین مفتی افتخار خان ، جنرل سیکرٹری شمشاد خان اور پارٹی کے دوسرے عہدیدار بھی موجود تھے ۔

سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑی قوم ہونے کے باوجود پختونوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ اقلیتوں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ صوبے کے تمام قدرتی وسائل جیسے سستی بجلی ، گیس ، تیل اور پانی پر پنجاب قابض ہے اور ہم اپنے ہی ملک میں محرومیوں کی وجہ سے مایوسی کے شکار ہیںاس لئے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم متحد ہو کر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد میں تیزی پیدا کریں ۔

فاٹا کے حوالے سے سینئر وزیر نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے برائے نام اعلان کے بعد خاموشی چھا گئی ہے اور پختونوں کی وحدت کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے ۔ اس لئے انہو ںنے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کہ فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخوا میںضم کرنے کا اعلان کرے اور بلوچستان کے پختونوں کو بھی ان سے ملایا جائے ۔ مختلف علاقوں میں کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ ضلع چارسدہ بالخصوص دوآبہ میں سیلاب کے خطرات اور زمینوں کی آبپاشی کا مسئلہ سنگین تھا جس کی مستقل حل کے لئے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ،جس سے کاشتکاروں سمیت تمام افراد کو فائدہ ہو گا ۔

انہو ںنے بٹگرام اور مندیزو میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ آئندہ چند ہی روز میں مختلف منصوبوں پر عملی کام شروع ہو جائے گا جس سے کئی دیہات کے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔صوبائی وزیر نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کوخوش آمدید کہتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اب تمام عوامی فیصلے ان کی مرضی سے کئے جائیں اور ان کی شمولیت سے اجتماعی قوت مزید بڑھے گی اور پختونوں کے حقوق کی جنگ کو تقویت ملے گی ۔ تقریب سے مفتی افتخار اور شمشاد خان نے بھی خطاب کیا ۔