کاشتکارپیاز کی فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں، ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 22 اپریل 2017 19:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء)محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتا یا ہے کہ پیاز کو مناسب وقت پر برداشت کر کے کم از کم 6ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے جبکہ برداشت اور سٹوریج کیلئے محکمہ کی مشاورت بہتر نتائج فراہم کر سکتی ہے،ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتا یا کہ اگر پیاز کی فصل کو مناسب وقت پر برداشت کر لیا جائے تو کم از کم 6ماہ تک اس کی اصل حالت کو برقرار رکھا جا سکتا ہے،کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سے 20فیصد تک خشک ہو کر ٹوٹنا شروع ہوجائیں تو پھر پیاز کی برداشت میں تاخیر سے اجتناب برتنا چاہیے کیونکہ پیاز کی برداشت جتنی تاخیر سے ہو گی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے امکا نا ت زیا دہ ہو نگے، کاشتکاروں کو مزید ہدائت کی گئی ہے کہ جب پیاز کو برداشت کر لیا جائے تو اسے فوری طور پر ذخیرہ کرنے کی بجائے دو تین دن تک سایہ دار اور ہوا دار جگہ میں ہی پڑا رہنے دیا جائے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔