پاکستان میں با صلاحیت افراد کی کمی نہیں ، گورنر سندھ

ایوارڈ کا مقصد با صلاحیت افراد کی کارکردگی کا اعتراف ہے ، مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:12

پاکستان میں با صلاحیت افراد کی کمی نہیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ایوارڈ ز دینے کا مقصدبا صلاحیت افراد کی انفرادی کارکردگی کا اعتراف کرنا ہے ،بلا شبہ پاکستان میں با صلاحیت افراد کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ افراد اپنی زبردست کارکردگی سے نہ صرف اپنا نام بنارہے ہیں بلکہ بزنس لیڈر شپ کے ذریعہ بیرون ملک پاکستان کا سوفٹ امیج بھی اجاگر کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سالانہ استقبالیہ اور ایوارڈ تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر طالب سید کریم ، سابق صدور اور دیگر عہدیداران سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعدا د بھی موجود تھی ۔ تقریب میں عاطف باجوہ، بشیر جان محمد اور عرفان مصطفی کو شاندا کارکردگی پر مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے ایوارڈ دئے گئے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ جب تک کسی بھی چیز یا دستیاب وسائل کو درست طریقہ سے اجاگر نہ کیا جائے اس سے بھرپور استفادہ نہیں لیا جاسکتا، ملک میں آج تجارتی سطح پر مقابلہ بہت تیزی سے ہو رہا ہے ، معلومات کا تبادلہ ، تصورات ، تجربہ اور ماہر بزنس مین سے مکمل رابطہ بہترین معاشی سرگرمیوں میں اہم ثابت ہو رہے ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اہداف کے حصول ، ذاتی زندگی اور پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں رابطہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ان گنت افراد ملک اور بیرون ملک تجارت اور صنعت میں لیڈر شپ کردار نبھا رہے ہیں،ہمیں پاکستان کا مثبت امیج کو اجاگر کرنا ہوگا ، سی پیک معاشی خوشحالی کا ضامن اور گیم چینجر ثابت ہوگا اس منصوبہ کی تکمیل سے معیشت پر واضح فرق نظر آئے گا ہمیں اس منصوبہ سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر طالب سید کریم نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :