Live Updates

پانامہ کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے خوشی خوشی مٹھائی کھائی لیکن اگلے روز فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ‘ حمزہ شہباز شریف

جے آئی ٹی بنے گی اس میں پیش ہوکر صفائی پیش کرینگے،عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے بھی قبول کرینگے‘ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:09

پانامہ کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے خوشی خوشی مٹھائی کھائی لیکن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانامہ کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے خوشی خوشی مٹھائی کھائی لیکن اگلے روزفیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جے آئی ٹی بنے گی اس میں پیش ہوں گے اور اپنی صفائی پیش کریں گے،لوڈ شیڈنگ کی وجہ مس مینجمنٹ ہے اور وزیر اعظم کے نوٹس لینے کے بعد اس میں واضح کمی آئی ہے ۔

لاہو رمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اللہ کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑا اب جو فیصلہ آیا ہے اسے سب کو تسلیم کرنا چاہیے ۔ پانامہ کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے خوشی خوشی مٹھائی مٹھائی کھائی لیکن اگلے روز فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے جس طرح کہا ہے اس کے مطابق جے آئی ٹی بنے گی اس میں پیش ہوں گے اور اپنی صفائی پیش کریں گے اس کے بعد عدالت عظمیٰ کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے بھی قبول کریں گے ۔

انہوںنے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی لیکن ایسا مس مینجمنٹ کی وجہ سے ہوا ۔ وزیرا عظم نواز شریف نے اس کا نوٹس لیا اور ذمہ داران کی سر زنش کی جس کے بعد اس میں کمی آئی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کمی آئے گی ۔بکھکھی میں پاور پلانٹ چل پڑا ہے اس کے علاوہ بھی متعدد منصوبے لگ رہے ہیں اور 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان بھی نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قوم سے لوڈ شیڈنگ فری پاکستان کا جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کریں گے ، ہمارا پر امن پاکستان کا وعدہ ہے اور اس کیلئے پاک فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے ، معیشت پٹڑی پر چڑھ گئی ہے ،مختلف سروے رپورٹس کے مطابق پنجاب میں کرپشن سب سے کم ہے اور تعلیم میں سب سے آگے ہے خدا نے چاہا تو تعلیم ہی دہشتگردی کے خلاف سب سے موثر ہتھیار ثابت ہوگا اور حکومت اس طرف پوری توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی جیت ہو گی تو یہ مسلم لیگ (ن) کی جیت ہو گی اور ا س کے لئے حکومت دن رات کوشاں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات