ناکام لوگ اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں ،کامیاب لوگ حالات کے آگے ہتھیار نہیں ڈالتے‘ احسن اقبال

آج کے بچے کل کے معمار ہیں‘ اساتذہ ایسے ذہن تیار کریں جو مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میںاپنا کردار ادا کر سکیں‘ اس جدید دور میں وہی کامیاب ہو گا جو اپنی بہترین علمی صلاحیتوں کوبروئے کار لائے گا‘والدین نئی نسل کو جدید علوم سے ہم آہنگ کریں‘وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال کا نجی سکول کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

ہفتہ 22 اپریل 2017 18:09

ناکام لوگ اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں ،کامیاب لوگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مثبت سوچ کو اپنانے سے زندگی میں کامیابی ملتی ہے، منفی سوچ رکھنے والے افرادکو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ناکام لوگ اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں جبکہ کامیاب لوگ مقابلہ کرتے ہیں اور حالات کے آگے ہتھیار نہیں ڈالتے، آج کے بچے کل کے معمار ہیں‘ اساتذہ ایسے ذہن تیار کریں جو آنے والے کل میں ملک و قوم کی ترقی میںاپنا کردار ادا کر سکیں‘ اس جدید علوم کے دور میں وہی کامیاب ہو گا جو اپنی بہترین علمی صلاحیتوں کوبروئے کار لائے گا‘ سکول میں ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کے ساتھ ساتھ جدید ترین کمپیوٹر لیب سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کرینگے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز آپا نثار فاطمہ گرلز ہائی سکولز لاہور میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ماہر تعلیم ڈاکٹر ممتاز اختر‘ بدر احسن اقبال‘ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید سلیم قریشی‘ انجینئر امیر ضمیر سمیت والدین‘ اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجودتھی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ دور میں وہی کامیاب ہو گا جو بہترین علمی صلاحیتوں کا حامل ہو‘ روایتی علم کا عنوان تبدیل ہو گیا ہے‘ علم تیزی سے بڑھ رہا ہے‘ علم کے اندر مسلسل جدت آرہی ہے‘ علم اپنے اندرکے علم کو پیدا کر رہا ہے‘ وہی لوگ پستی کا شکار ہیں جو علم کے شعبے میں پیچھے رہ گئے ہیں‘ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو سائنس کی کتاب بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کامشن ہونا چاہئے کہ ایسے ذہن تیار کریں جو کل ملک و قوم کیلئے مفید ثابت ہو سکیں اور بچوں کے ذہنوں میں علم کی روایت کو زندہ کریں اور غورو و فکر کرنے کادرس دیں۔ انہوں نے والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کی تربیت میں پرورش کے پہلو کو ملحوظ خاطر رکھیں اور اپنے بچوں کو معاشرے کا ایک مفید اور کامیاب انسان بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں‘والدین نئی نسل کو علم جدید سے ہم آہنگ کریں۔

احسن اقبال نے بچوں سے مخاطب ہوئے ہوئے کہا کہ بچے اپنے سامنے زندگی کا مقصد رکھیں اور زندگی میں نظم و ضبط اور محنت کرکے بہتر نتائج دینے کیلئے اپنی صلاحیتیں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب زندگی کیلئے خواب سامنے رکھنے چاہئیںاور یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ میں محنت کروں گا تو اس کی تعبیر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس کی بہتری کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مثبت سوچ کے ساتھ آے بڑھنا ہے‘ مایوس نہیں ہونا اور مسلسل جدوجہد کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے نمایاں کارکردگی حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی جو اساتذہ کی محنت کی وجہ سے انعام کے حقدار ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اندر انسانیت کادرد اور اللہ کا خوف تھا‘ وہ کمزور‘ نادار اور پسے ہوئے افراد کی مدد کرتی تھیں‘ سکول مشن کے جذبے کے تحت چل رہاہے اور یہ ہم سب کا مشن ہونا چاہئے کہ ہم بچوں کی تعلیمی اور سماجی تربیت کرکے انہیں کامیاب انسان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،تقریب سے بدر احسن اقبال‘ ڈاکٹر ممتاز اختر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر بچوں نے ٹیبلو پیش کیا، بعد ازاں وفاقی وزیر نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں میڈلز‘ سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :