پی آئی اے کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسربرنڈ ہلڈن برانڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا

ہفتہ 22 اپریل 2017 17:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء)قومی ایئر لائن(پی آئی ای)کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسربرنڈ ہلڈن برانڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیاہے، ان کی جگہ نیئرحیات قائم مقام سی ای او کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ذرائع کے مطابق جرمن شہری برنڈ ہلڈن برانڈ کو مختلف الزامات کا سامنا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا، قومی ایئرلائن کو نقصان پہنچایا اور ایئرلائن کے طیاروں کو طریقہ کار کی پیروی کیے بغیر کم قیمت میں فروخت کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای)سمیت دیگر تحقیقاتی ایجنسیاں برنڈ ہلڈن برانڈ کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہیں، اس سے قبل سابق سی ای او کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

برنڈ ہلڈن برانڈ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا، نوٹیفکیشن میں اگرچہ پی آئی اے کے ہیومن ریسورس(ایچ آر)ڈپارٹمنٹ کے سربراہ راحیل احمد کا نام درج ہے، تاہم اس پر دستخط راحیل احمد کے ماتحت ظفر علی کے موجود ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ کے جاری کردہ آرڈر نمبر 2017/013 میں تحریر ہے کہ قائم مقام سی ای او برنڈ ہلڈن برانڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جاتا ہے۔پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر نیئرحیات نئے احکامات جاری ہونے تک قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔واضح رہے کہ قومی ایئرلائن کے ایک طیارے کی جرمن میوزیم کو فروخت پر برنڈ ہلڈن برانڈ کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا تھا، جبکہ اس حوالے سے قومی ایئر لائن اور ایف آئی اے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔