پاناما کیس پرسپریم کورٹ کے فیصلے سے (ن) لیگ کو شدید نفسیاتی صدمہ پہنچا ہے‘ تحریک انصاف

انشا اللہ 60 روز بعد سپریم کورٹ متفقہ طور پر نواز شریف پر بددیانتی اور خیانت کی مہرثبت کریگی‘ ترجمان نعیم الحق

ہفتہ 22 اپریل 2017 16:03

پاناما کیس پرسپریم کورٹ کے فیصلے سے (ن) لیگ کو شدید نفسیاتی صدمہ پہنچا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ پاناما کیس پرسپریم کورٹ کے فیصلے سے (ن) لیگ کو شدید نفسیاتی صدمہ پہنچا ہے، سپریم کورٹ نے قوم کوبتایا کہ نوازشریف اور ان کی اولاد کی خوش قسمتی کے پیچھے انتہائی سلیقے سے کی گئی چوری کارفرما ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ نوازشریف نے اپنے وزیروں اور لیگی کارکنان کے ساتھ بہت زیادتی کی، بیچارے وزیروں کو بتایا جاتا رہا کہ میاں صاحب کا تو پاناما میں نام ہی نہیں، انہیں دلاسے دئیے جاتے رہے کہ نواز شریف کے خلاف ثبوتوں کی حیثیت ردی اور پکوڑوں کے کاغذ سے زیادہ نہیں، مریم اورنگزیب اور (ن) لیگ کو شدید نفسیاتی صدمہ پہنچا ہے ۔

کسی بھی سیاسی جماعت کا سربراہ ملک کی اعلی ترین عدالت سے یوں رنگے ہاتھوں پکڑا جائے تو شدید ذہنی صدمے کا پہنچنا فطری ہے، مریم بی بی اور ان کی جماعت کو پہنچنے والے شدید ترین نفسیاتی صدمے کے بعد ان سے ہمیں پوری ہمدردی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قوم کوبتایا کہ نوازشریف اور ان کی اولاد کی خوش قسمتی کے پیچھے انتہائی سلیقے سے کی گئی چوری کارفرما ہے، مستقبل کے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت سینئر ترین جج صاحب نے نواز شریف کو فوری نااہل قرار دینے کا حکم سنایا، سپریم کورٹ کے بنچ نے متفقہ طور پر عمران خان کا موقف اورپیش کردہ تمام ثبوتوں کو قبول بھی کیا اور فیصلہ بھی سنایا۔

سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد بھی ان بیچاروں سے جھوٹ بولا گیا اورمٹھایاں کھلا کر گمراہ کرنے کی کوششیں کی گئی، انشا اللہ 60 روز بعد سپریم کورٹ متفقہ طور پر نواز شریف پر بددیانتی اور خیانت کی مہرثبت کرے گی۔