صحافی معاشرے سے ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کریں‘محمدشفیق

ہفتہ 22 اپریل 2017 14:41

صحافی معاشرے سے ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کریں‘محمدشفیق
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2017ء)صوبائی وزیر خوراک محمد شفیق نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ،صحافی معاشرے سے ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کریں‘یہ بات انہوں نے گانچھے یونین آف جرنلسٹ کے عہداداران محمد علی اور زوبیر اسدی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ گانچھے یونین آف جرنلسٹ ضلع کے مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں مثبت صحافت کو فرو غ دینے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

گانچھے جیسے پسماندہ ضلع میں رہ کر نا کافی سہولیات کے باوجود اپنے فرائض انجام دینا یقینا قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ کے مسائل کس نوعیت کے ہیں۔ آپ کے مسائل ذاتی دلچسپی لے کر حل کرنے کی کوشش کرونگا۔صحافیوں کیلئے پریس کلب کی تعمیر اور زمین کی الاٹمنٹ کیلئے کوشش تیز کرونگا۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری قابل عزت ہے وہ معاشرے میں موجود سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں،صحافت ایک مقدس پیشہ ہے‘اس کو ہمیشہ مثبت کاموں کیلئے استعمال کریں۔