کراچی ، پولیس گارڈ نے ڈی آئی جی پشاور کے جواں سالہ بیٹے کو قتل کردیا ، ملزم گرفتار

ہفتہ 22 اپریل 2017 12:42

کراچی ، پولیس گارڈ نے ڈی آئی جی پشاور کے جواں سالہ بیٹے کو قتل کردیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2017ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈی آئی جی پشاور کے بیٹے کو قتل کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان سحر میں محافظ نے ڈی آئی جی پشاور شہاب مظہرولی کے جواں سالہ بیٹے عمر شہاب کو رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے عمر شہاب کی والدہ سے 2لاکھ روپے ادھار مانگے تھے۔

واقعے کے بعد ملزم فقیر محمد نے حیران کن طور پر اپنے آپ کو گھر کے کمرے میں بند کر لیا جسے بعد میں پولیس نے گرفتار کر لیا ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بنگلے کی سیکورٹی پر مامورپولیس گارڈنے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ اس نے مقتول کی والدہ سے ذاتی ضرورت کے باعث2لاکھ روپے ادھار مانگے تھے اور رات گئے جب وہ خاتون سے پیسے لینے کیلئے اس کے کمرے کی جانب بڑھا تو عمر شہاب نے روکنے کی کوشش کی جس پردونوں میں جھگڑا ہوااور پھر اس نے گلے میں رسی ڈال کر اسے قتل کر دیا ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے جناح سپتال منتقل کیا،پولیس نے موقع پرموجود شواہد جمع کرکے قتل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے حوالے سے ابتدائی اطلاع یہ آئی تھیں کہ بنگلے میں ڈاکو گھس آئے ہیں،تاہم متضاد اطلاعات نے واقعے کو مشکوک بنادیا تھاجبکہ ملزم نے قتل کر نے کے بعد اپنے آپ کو ایک کمرے میں بند کر لیا جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی پشاور مظہرشہاب کے مطابق ان کا بیٹا کمرے میں تھا گارڈ نے بیٹے سے 2 لاکھ روپے مانگے اورادا نہ کرنے پراسے قتل کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ جس وقت پولیس گارڈ نے ان کے بیٹے کو قتل کیا اس وقت گھر میں ان کی اہلیہ اور دیگر 2 بچے بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :