کراچی میں ڈی آئی جی پشاور کا بیٹا محافظ کے ہاتھوں قتل

ملزم فقیر محمد نے رسی سے گلہ گھونٹ کر ڈی آئی جی کے بیٹے کو قتل کیا

ہفتہ 22 اپریل 2017 11:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اپریل2017ء) ڈیفنس کے علاقے خیابان سحر میں پولیس گارڈ نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پشاور شہاب مظہر ولی کے 27 سالہ بیٹے عمیر شہاب کو رسی کے ذریعے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ واقعہ ڈیفنس فیز 6 میں درخشاں تھانے کی حدود میں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق پشاور کے ڈی آئی جی انکوائریز اینڈ انسپیکشن شہاب مظہر ولی کے بیٹے عمیر شہاب کو ان کے گھر کی حفاظت پر مامور پولیس گارڈ فقیر محمد نے ہاتھا پائی کے دوران قتل کیا۔

عمیر شہاب کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے خود کو ایک کمرے میں بند کرلیا تاہم پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دوران حراست پولیس گارڈ فقیر محمد نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ وہ عمیر کی والدہ سے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہا تھا، جو اس نے گاؤں میں موجود اپنے اہل خانہ کو بھیجنے تھے، فقیر محمد نے جب رقم کے مطالبے کے لیے عمیر شہاب کی والدہ سے ملنے کی کوشش کی تو عمیر نے اس کا راستہ روک لیا اور اوپری منزل پر موجود والدہ کے کمرے میں جانے سے روکا۔

(جاری ہے)

رات ڈھائی بجے پیش آنے والی اس کارروائی کے دوران فقیر محمد نے عمیر شہاب سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے اس کے گلے میں رسی ڈالی اور گلا گھونٹ کر نوجوان کو قتل کردیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ملزم فقیر محمد کا تعلق کشمور سے تھا اور وہ گذشتہ 6 سے 7 ماہ سے ڈی آئی جی پشاور کے کراچی میں واقع گھر میں سیکیورٹی گارڈ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :