کراچی: ڈی آئی جی پشاور کا بیٹا گارڈ کے ہاتھوں قتل

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 22 اپریل 2017 08:20

کراچی: ڈی آئی جی پشاور کا بیٹا گارڈ کے ہاتھوں قتل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22اپریل۔2017ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان سحر میں ڈی آئی جی پشاور شہاب مظہر کے بیٹے کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اسد اعجاز کے مطابق عمیر شہاب کو پیسوں کے تنازعے پر قتل کیا گیا ہے۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ مقتول کو پولیس گارڈ نے 2لاکھ روپے کے لین دین پر قتل کیا اور قتل سے قبل مقتول کی گارڈ کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔

واقعے میں ملوث گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقتول عمیر شہاب کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، جس کی تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایک سیکورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ عمیر شہاب کو قتل کرنے والا پولیس گارڈ فقیر محمد اسی گھر میں تعینات تھا۔ گارڈ 2لاکھ روپے مانگ رہا تھا، نہ دینے پر قتل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی شہاب مظہر نے نجی ٹی وی سے بات چیت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس گارڈ فقیر محمد نے میرے بیٹے کو قتل کیا ہے۔ میرے بیٹے کا گارڈ سے کوئی لین دین کا معاملہ نہیں تھا۔ شہاب مظہر نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے دی گئی سیکیورٹی گھر پر مامور تھی، جب واقعہ ہوا تو گھر پر میری بیوی اور 2بچے بھی موجود تھے۔ پولیس گارڈ نے گھر والوں کو دھمکیاں دیں اور پیسے طلب کیے تھے۔