پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 5سال کی آئینی مدت کے لیے منتخب کیا جسے پورا کیا جائے گا،اپوزیشن جماعتوں کو پاناما کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنے سے گریز کرنا چاہیئے،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 22 اپریل 2017 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 5سال کی آئینی مدت کے لیے منتخب کیا ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ء کے آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں عوام کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تو عالمی سطح پر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف کی موثر و کارآمد پالیسیوں کی بدولت آج ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے جس کی معیشت بھی روز بروز مستحکم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے پاناما کے حوالے سے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف بھی جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو سپریم کورٹ کے پاناما کے حوالے سے فیصلے پر تنقید کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔