Live Updates

ہم معزز عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں، دوسروں کو بھی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو من و عن قبول کرنا چاہیئے،کسی کے کہنے پر ہم کیوں استعفیٰ دیں،عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے ہیں، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 22 اپریل 2017 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں میں تین تو وہ لوگ ہیں جو پاناما کیس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف پیٹیشنر تھے جنہیں سپریم کورٹ سے منہ کی کھانا پڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تو سپریم کورٹ کے اس سارے عمل کا حصہ ہی نہیں بنی،وہ لوگ جو سپریم کورٹ کے اس سارے عمل کو مانتے ہی نہیں ان کے کہنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف استعفا کیوں دیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم تو عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کے پانچوں معزز ججز صاحبان کے دستخط اس فیصلے پر موجود ہیں جس میں انہوں نے وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، کیپٹن صفدر اور مریم نواز شریف کو تو کلئیر قرار دے دیا ہے جبکہ باقی تین لوگوں کو تحقیقاتی پراسس سے گزرنے کا کہا ہے تو پھر ہم کیوں کسی کے کہنے پر استعفا دے دیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کو پاناما کیس کی کاروائی کے دوران ایک ایسا ماحول مہیا نہیں کیا گیا جس میں وہ آزادانہ فیصلہ کرتے کیونکہ کچھ لوگوں نے عدالت کے باہر بھی ایک عدالت لگائی ہوتی تھی جبکہ کچھ ایسے ہی لوگ ٹی وی ٹاک شوز میں بھی بیٹھے یہی کام کر رہے تھے اور اگر میں غلط ہوں تو مجھے کوئی چیلنج کرے۔

ان لوگوں نے عدالت پر دبائو ڈالنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں معزز ججز ساحبان نے یہ جو فیصلہ دیا ہے یہ کوئی آسان کام نہیں کیونکہ وہ بھی انسان ہیں اور ویسے بھی ججز صاحبان کی ایک اپنی حساسیت بھی ہوتی ہے جو یہ نہیں برداشت کر سکتے کہ لوگ ان کے خلاف نعرے بازی کریں کیونکہ انہوں نے کون سا کوئی الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ معزز عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں دوسروں کو بھی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے من و عن قبول کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور عوامی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور ان کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے استعفا مانگنے والوں کو اپنے حکومتی صوبوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا چاہیئے تاکہ انہیں وزیراعظم محمد نواز شریف کی عوامی مقبولیت کا پتہ چلے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات