کابل ،طالبان کا افغان فوجی کیمپ پر حملہ ،8اہلکار ہلاک،11زخمی

فوجی تربیتی مرکز پر فوجی لباس میں ملبوس دہشت گردوں نے داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے دوران وہاں موجود اہلکاروں کو فوری طور پر سنبھلنے کا موقع نہ ملا ، ترجمان افغان وزارت دفاع

جمعہ 21 اپریل 2017 23:40

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) طالبان نے افغان فوج کے تربیتی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ بلغ کے صدر مقام مزار شریف میں طالبان نے فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق فوجی تربیتی مرکز پر فوجی لباس میں ملبوس دہشت گردوں نے داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے دوران وہاں موجود اہلکاروں کو فوری طور پر سنبھلنے کا موقع نہ ملا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک اور دوسرا گرفتار کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب طالبان نے اپنے بیان میں فوجی تربیتی کیمپ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جب کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ داعش نے کابل کے فوجی اسپتال پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔