آئندہ انتخابات میں پاکستانی عوام مسلم لیگ (ن) کو فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر ووٹ دینگے، حکومت عوام کی طاقت اور ووٹ سے اقتدار میں آئی ہے، وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 21 اپریل 2017 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) کو فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر ووٹ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی طاقت اور ووٹ سے اقتدار میں آئی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والے ہی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی تھر سمیت سندھ کے دوسرے علاقوں میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد تھر کے عوام کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر بھاری رقوم خرچ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں صوبہ سندھ میں پورٹ قاسم کے منصوبے اور گرین لائن پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سمیت کئی دیگر منصوبے بھی شروع کئے ہیں تاکہ صوبہ سندھ کے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں اضافہ کیا جا سکے۔