پاناما کیس کے فیصلے پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں مسلم لیگ(ن)نے یوم تشکرمنایا،شہر،شہریوم تشکر کی تقریبات،ریلیاں،شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص کیا،

جمعہ 21 اپریل 2017 23:48

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) پاناما کیس کے فیصلے پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں لیگی کارکنوں نے یوم تشکرمنایا۔پارٹی قیادت کی ہدایت شہر،شہریوم تشکر کی تقریبات منعقد ہوئیں،کارکنوں نے عدالتی فیصلے پر شکرانے کے نوافل ادا کیے ،جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔مسلم لیگ(ن)ملتان شہرنے چوک نواں شہر سے پریس کلب تک بڑی ریلی نکالی جبکہ لیگی رہنمائوں شیخ ندیم اکبر، چوہدری آصف انصاری اور ارشد گجر کی رہائش گاہوں پریوم تشکر کی تقریبات ہوئیں،اس موقع پر عدالتی فیصلے کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ لیگی کارکنوں نے خوشی میں بھنگڑے بھی ڈالے،یوسی 9 کے چئیرمین ولیگی رہنما شیخ ندیم اکبرکی رہائشگاہ اشرف آباد میں یوم تشکر کی تقریب منعقد ہوئی ،اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ لیگی متوالوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص بھی کیا گیا،اس موقع پرشرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنمائوں شیخ ندیم اکبر ودیگر کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ،جے آئی ٹی میں بھی جیت ہماری ہوگی۔

(جاری ہے)

عمران خان اور ان کے حواری ناکام ونامراد ہوئے ہیں،پاناما پروقت ضائع کرکے ملکی ترقی کے سفرکو نقصان پہنچایا گیا۔مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے رہنما چوہدری آصف انصاری کی رہائش گاہ شریف پورہ میں بھی یوم تشکر کی تقریب ہوئی ،اس موقع پر مٹھائی تقسیم کی گئی،چوہدری آصف انصاری ودیگر کا کہنا تھا کہ کہ لیگی قیادت نے پاناما کیس میں تین نسلوں کا حساب کتاب دیا اور عدالت سے سرخرو ہوئے،جس پر لیگی کارکنان اللہ کے حضور شکر گزار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شوکت خانم کے نام پرزکوٰة کا پیسہ کھانے والے عمران خان کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔قوم عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بھاگنے نہیں دے گی،آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن)کی جیت ہوگی اور وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں ملکی ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔دریں اثناء مسلم لیگ ن کے رہنما ارشد گجرکی رہائش گاہ زکریا ٹائون پرسپریم کورٹ کے پاناما فیصلے کی خوشی میں یوم تشکر کی تقریب ہوئی ،کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی،لیگی رہنما ارشد گجرکا کہنا تھا کہ مخالفین کی سازشیں ناکام ہوئیں،وزیراعظم نوازشریف اور ان کا خاندان عدالت سے سرخرو ہوئے ہیں۔

دوسری طرف مسلم لیگ(ن)لیبرونگ ملتان ڈویژن کے صدرمیاں غفاراعوان کی رہائشگاہ پر بھی یوم تشکر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ اس موقع پرشکرانے کے نوافل بھی ادا کیے گئے۔