وزیرمملکت انوشہ رحمان کی زیرصدارت یو ایس ایف کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 51واں اجلاس

پائیدار ترقی کے 3مختلف براڈ بینڈ کے اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 21 اپریل 2017 23:32

وزیرمملکت انوشہ رحمان کی زیرصدارت یو ایس ایف کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان کی زیرصدارت یہاں جمعہ کو یو ایس ایف کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 51واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں یو ایس ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پائیدار ترقی کے 3مختلف براڈ بینڈ کے اہم منصوبوں کا جائزہ لیا جن میں سے فاران، واشک، لارٹ کے لئے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹیڈ کا انتخاب کیا گیا، اس منصوبہ سے 35ہزار ایک سو مربع کلومیٹر کے علاقہ میں 289سے زائد دیہات کے دو لاکھ 22ہزار افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی اسی طرح پائیدار ترقی کے لئے براڈ بینڈ کا ایک اور منصوبہ جو ڈیرہ بگٹی کے علاقہ میں مکمل کیا جائے گا اس کے لئے بھی پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹیڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جس سے 16ہزار 5 سو مربع کلومیٹر میں سے 396دیہاتوں کی 3لاکھ 33ہزار ایک سو افراد پر مشتمل آبادی استفادہ کر سکے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف کے وڑن کے تحت حکومت ملک کے عوام کو انٹرنیٹ اور براڈبینڈ کی سہولیات تک رسائی کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل کر رہی ہے اور اس حوالے سے فاٹا کے 100دیہاتوں کو بھی براڈبینڈ کی سہولت تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ یو ایس ایف آپٹیکل فائبر کیبل کے ایک اور اہم ترقیاتی منصوبہ کے تحت خیبرپختونخوا کے لئے او ایف سی پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 830کلومیٹر طویل آپیٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی جس سے صوبے کی 29تحصیلوں اور 19قصبوں کی 10لاکھ سے زائد آبادی کو باہم رابطے کی سہولت فراہم کی جائے گی، اس منصوبے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے 8اضلاع میں کم آمدنی والی خواتین کیلئے براڈ بینڈ کا ایک خصوصی منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گاجس کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والی 30ہزار سے زائد خواتین میں سمارٹ فون تقسیم کیے جائیں گے۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بچیوں کے سکولوں میں کمپیوٹرز لیب کے ایک اہم منصوبے کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بچیوں کے 138 تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹیلائزیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی اور منصوبہ کے تحت ایک لاکھ 10ہزار سے زائد طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں یو ایس ایف کمپنی کے انتظامی اور مالی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان سمیت سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، ممبر ٹیلی کام مدثر حسین، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، جیز کے سی ای او عامر ابراہیم، پی ٹی سی ایل کے صدر اور سی ای او ڈینیل رٹز اور یو ایس ایف کمپنی کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :