بلوچستان کے مختلف اضلاع سے 438 فراری حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے

جمعہ 21 اپریل 2017 23:32

کوئٹہ۔21اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) بلوچستان کے مختلف اضلاع سے 438 فراری حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ آج مجھے خوشی ہوئی ہے کہ میرے بھائیوں نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہو ئے ہیں۔ ملک سے باہر بیٹھ کر عوام کو سبز باغ دکھا کر آزادی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر مختلف اضلاع سے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کے لئے منعقد ہ اجلاس کے موقع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزراء نواب محمد ایاز جوگیزئی، نواب جنگیز مری، میر سرفراز بگٹی سمیت اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھ کر آزادی کی تحریکیں نہیں چلتیں ، بلوچستان کے پہاڑوں میں بیٹھ کر حکومت کا مقابلہ کرنے والے سادہ لوح بلوچ عوام میں اب شعو ر آچکا ہے۔ وہ اب کسی کے ورغلانے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے تمام سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کے تمام مسائل حل کئے جائیں ۔ انہیں تحفظ کے ساتھ ساتھ دوبارہ ان کے علاقوں میں آباد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان میں سی پیک کی شکل میں خوشحالی اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اب بلوچستان میں ترقی کا سفر شروع ہو گا۔

متعلقہ عنوان :