پاپام کا 30 رکنی وفد ہنیور صنعتی نمائش میں شرکت کرے گا

جمعہ 21 اپریل 2017 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) کا ایک 30 رکنی وفد جرمنی کے شہر ہنیور میں 24 اپریل سے شروع ہونے والی صنعتی نمائش میں شرکت کرے گا۔ اس پانچ روزہ نمائش میں پاپام کے وفد کی قیادت چیئرمین مشہود علی خان کریں گے جبکہ پاپام کی رکن کمپنیاں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے بینر تلے پاپام پویلین میں پاکستانی آٹو پارٹس و ایسیسریز کی نمائش کریں گی۔

(جاری ہے)

ہنیور صنعتی میلے کے موقع پر پاپام کی جانب سے ’’پاکستان ابھرتی ہوئی مارکیٹ اور وسیع مواقعوں‘‘ کے موضوع پر ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائیگا۔ نمائش کے موقع پر پاپام کے وفد کی جانب سے جرمن حکام اور شریک ممالک کی آٹو ایسوسی ایشنز سے ملاقاتیں کی جائیںگی اور انہیں پاکستان کے دورے کے دعوت دے کر پاکستانی وینڈرز کے ساتھ لائژن کی تجاویز دی جائیں گی۔ مزید برآں مئی میں دبئی آٹو مکینکا میں بھی پاپام کے سات رکن کمپنیاں شرکت کریں گی جہاں وہ ٹڈاپ کے بینرتلے پاکستان پویلین میں مقامی طور پر تیار ہونے والے آٹو پارٹس کی نمائش کریں گی۔