بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ نمائش میں 22 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی

جمعہ 21 اپریل 2017 23:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) دبئی میں 14 مئی سے شروع ہونے والی بیوٹی پراڈکٹس، خوشبویات اور ہیئر کی عالمی نمائش بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ دبئی میں پاکستان سے 22 کمپنیاں شریک ہوں گی۔ میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندے عمر صلاح الدین کے مطابق اس تین روزہ نمائش میں 60 سے زائد ممالک سے 1500 نمائش کنندگان بیوٹی مصنوعات، خوشبویات اور آرائش گیسو سے متعلق مصنوعات کی نمائش کریں گے۔

(جاری ہے)

نمائش میں پاکستان سے بھی 22 کمپنیاں شریک ہوں گی جس میں سے 8 کمپنیاں ٹڈاپ کے بینر تلے جبکہ 14 کمپنیاں براہ راست شریک ہوں گی۔ نمائش میں شریک ہونے والی پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے میل گرومنگ، ہیئر اینڈ شیونگ، پروفیشنل پیڈی کیور، مینی کیور، پرسنل کیئر اینڈ ہائی جین، خوشبویات، کاسمیٹکس اور اسکن کیئر سے متعلق مصنوعات کا ڈسپلے کیا جائیگا۔ نمائش میں پاکستان سے شرکت کرنے والی نمایاں کمپنیوں میں نیویا کاسمیٹکس، محمد ہاشم تاجر سرمہ، بلیک روز کاسمیٹکس، گروپ ایچ سی آئی، گلوبل کاسمیٹکس اور دیگر شامل ہیں۔