اسلام آباد میں ثقافتی بالخصوص روایتی اور علاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ اور شہریوں کو بھر پور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ایم سی آئی کی ترجیحات ہیں۔شیخ انصر عزیز

جمعہ 21 اپریل 2017 23:30

اسلام آباد میں ثقافتی بالخصوص روایتی اور علاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہاہے کہ اسلام آباد میں ثقافتی بالخصوص روایتی اور علاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ اور اسلام آباد کے شہریوں کو بھر پور تفریح کے مواقع فراہم کرنا میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کی ترجیحات میں شامل ہے۔

نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل میں لوگوں کی دلچسپی اور اس کھیل میں جوش و خروش قابلِ تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے زیرِ اہتمام F-9 پارک میں ہونے والے دوروزہ نیزہ بازی کے مقابلوں کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ نیزہ بازی کا کھیل جرات، بہادری اور مہارت کے ساتھ کھیلا جانے والا وہ کھیل ہے جو ہمارے آبائو اجداد کی شاندار روایات کا آئینہ دار بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیزہ بازی جیسے تفریحی مقابلوں کے انعقاد کا مقصد جہاں روایتی کھیلوں کی جانب لوگوں کو راغب کرنا ہے وہاں اسلام آباد کے شہریوں کو مثبت سرگرمیوں اور تفریح کے مواقع مہیا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے نیزہ بازی کے مقابلوں کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی کثیر تعداد میں شہسواروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ نیزہ بازی کے کھیل کے ہر سال با قاعدگی سے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیزہ بازی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی کے علاوہ ایم سی آئی کے دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ نیزہ بازی کے دور روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے 125 کلب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اختتامی تقریب میں نیزہ بازی کے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گھڑ سواروں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔