پیپلز پارٹی سندھ نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف گو نواز گو کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

23اپریل کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی دھرنے ، 26اپریل کو کراچی میں دھرنا دینے کا اعلان کا فیصلہ جے آئی ٹی ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات کے لیئے تشکیل دی جاتی ہے،پانامہ کیس میں عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم وزیر اعظم نواز شریف کو ملزم قرار دے کر چارج شیٹ عائد کرنے کے مترادف ہے ، نثار کھوڑو قوم نے پانامہ فیصلے کا ایک سال تک انتظار کیاکہ عدالت عوام کو راہ نجات دلائے گی مگر عدالتی فیصلے نے عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام کو فیصلے سے کچھ حاصل نہیں ہواہے ، مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 21 اپریل 2017 23:26

پیپلز پارٹی سندھ نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف گو نواز گو کی تحریک شروع ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2017ء) پیپلز پارٹی سندھ نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف گونوازگو تحریک شرو ع کرنے اور 23اپریل کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی دھرنے دینے اور 26اپریل کو کراچی میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے ۔یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑونے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سعید غنی ،شہلا رضا اور راشدربانی بھی موجود تھے۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ جے آئی ٹی ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات کے لیئے تشکیل دی جاتی ہے اورپانامہ کیس میں عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم وزیر اعظم نواز شریف کو ملزم قرار دے کر چارج شیٹ عائد کرنے کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں تقریر اور قوم کو خطاب میں الگ الگ موقف رکھ کر جھوٹ بولا ہے اور وہ امین اور صادق نہیں رہے ہیںاسلیئے نوازشریف اخلاقی طور پر وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں ۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے کر تحقیقات کا سامنا کریں۔انھوں نے کہا کہ قوم نے پانامہ فیصلے کا ایک سال تک انتظار کیاکہ عدالت عوام کو راہ نجات دلائے گی مگر عدالتی فیصلے نے عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام کو فیصلے سے کچھ حاصل نہیں ہواہے ۔نثارکھوڑو نے کہا کہ عدالت نے ایک سال میں بھی وزیراعظم کو طلب کرکے کچھ پوچھنا بھی مناسب نہیںسمجھا اوراب ماتحت افسران سے وزیراعظم کی تحقیقات کرانا انھیں راہ فرار کا موقع دینے کا مترادف ہے ۔

انھوں نے کہا کہ قانون سب کے برابر ہونا چائیے مگر سپریم کورٹ نے ہمیشہ ن لیگ کے لیئے ہلکاہاتھ رکھا ہے جبکہ ماضی میں شہید بینظیر بھٹو کی حکومت کو کرپشن الزام کے تحت ختم کیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ عدالت نے پانامہ کیس فیصلے میں وزیراعظم کو نااہل نہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔انھوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز نے وزیراعظم کو امین و صادق قرار نہیں دیا اورتین دیگر ججز نے بھی یہ نہیں کہا ہے کہ وہ امین اور صادق ہیں ۔

اسلیئے نوازشریف وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں اسلیئے وہ استعفیٰ دے دیں اور استعفیٰ دینے تک نوازشریف پر عوامی دبائو بڑھائیں گے اور جب تک وہ استعفیٰ نہیں دینگے تب تک سندھ میں ہر جگہ احتجاج کرینگے اور سندھ کے ہر تحصیل سے لے کر صوبائی سطح تک گو نواز گو دھرنے دیئے جائینگے۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ، پانی اور گیس کی عدم فراہمی کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں اسلیئے نواز شریف کا وزیراعظم کے عہدے پر مزید رہنا ملک کے لیئے نقصاندہ ہے ۔

نثارکھوڑونے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 23اپریل کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں گونواز گو دھرنے دیئے جائینگے اور 26اپریل کو کراچی میں احتجاجی کیمپ او ردھرنا دیا جائے گا اور جب تک نوازشریف استعفیٰ نہیں دینگے تب تک گو نوازگو دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔