پاکستان خطے میں امن اور ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، نئی امریکی انتظامیہ کیساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں ، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں پر مشتمل شراکت داری ہے

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کاواشنگٹن میں ہیریٹیج فائونڈیشن کی تقریب سے خطاب

جمعہ 21 اپریل 2017 22:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے ، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں پر مشتمل شراکت داری ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو واشنگٹن میں ہیریٹیج فائونڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں امن اور ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ، پاکستان 30لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کرتا رہا ہے ، فاٹا آپریشن کی وجہ سے 13لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی ، 75فیصد لوگ واپس جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ٹھہرائو کا شکار رہے اور امریکہ کے ساتھ معمولی نوعیت کے اختلافات حل کر کے آگے بڑھنا چاہتے ہیں اور پاکستان امریکہ کو بہت اہمیت دیتا ہے ، تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے اور امریکہ کے ساتھ دفاع اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے خواہاں ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ حاصل ہے ۔