وزیراعلیٰ کی زیرصدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس، امن عامہ کی مجموعی صورتحال ، سیف سٹی پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائز ہ لیا گیا

جمعہ 21 اپریل 2017 22:34

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس، امن عامہ کی مجموعی صورتحال ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور پولیس جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف تسلسل کے ساتھ بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے امن عامہ کو بہتر بنانے کیلئے پہلے بھی پیٹ کاٹ کر وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ 3 گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کے منصوبے پر پیش رفت اور 6 بڑے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے شہروں کو محفوظ بنانے کے مربوط پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے، اس منصوبے کا براہ راست تعلق امن عامہ کی صورتحال کو بہتر بنانے سے ہے لہٰذا لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور یہ منصوبہ مقرر کردہ مدت میں مکمل ہونا چاہیئے جبکہ دیگر 6 شہروں میں بھی منصوبوں پر کام کے امور جلد طے کئے جائیں اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اس ضمن میں از خود فیصلے کرکے اقدامات کرے۔

وزیراعلیٰ نے 6 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس کے امور کو آگے بڑھانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہو ںنے کہا کہ جرائم اور دہشت گردی کے سدباب کیلئے پنجاب سیف سٹی پراجیکٹس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان منصوبوں پر انفرادیت اور جدت کو مدنظر رکھ کر پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنا ہے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ایوب گادھی، جہانگیر خانزادہ، مشیر رانا مقبول احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ حکام اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔