زمین ہم سے محبت کا تقاضا کرتی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا ورلڈ ارتھ ڈے پرپیغام

جمعہ 21 اپریل 2017 22:34

زمین ہم سے محبت کا تقاضا کرتی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا ورلڈ ارتھ ڈے پرپیغام
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین ہم سے محبت کا تقاضا کرتی ہے اورپانی، پہاڑ، جنگلات، ہریالی اور صحرا کو اصل روح کے ساتھ قائم رکھنا ہی زمین سے محبت کا نام ہے۔ انہوںنے کہا کہ ورلڈ ارتھ ڈے منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی سے زمین کو پہنچنے والے نقصان کے بارے آگہی پھیلانا ہے۔

ورلڈ ارتھ ڈے کی علامتی تحریک کا اصل مقصد عوام میں اپنے ماحول سے دوستی کا شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ ورلڈ ارتھ ڈے ہمیں ماحولیات کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیاں ایک بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ زمین ہمارے پاس آنے والی نسلوں کی امانت ہے لیکن ماحولیاتی آلودگی کے باعث یہ اپنی بقا کے حوالے سے خدشات کا شکار ہے۔ بہتر معیار زندگی کیلئے قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ کرہ ارض کی حفاظت کیلئے اقدامات، ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کیلئے تدابیر اور موسمی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوںنے کہا کہ آج ہم سب کو زمین کو درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے آواز بلند کرنا ہے۔ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پرزمین کو ماحولیا تی آلودگی سے بچانے میں کردار ادا کرناہے۔ اس دن کاتقاضا یہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کرہ ارض کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں کی جائیںاور درست سمت میں اقدامات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :