سی پیک منصوبہ کامسئلہ کشمیر سے کوئی تعلق نہیں ،چین نے بھارتی تحفظات مسترد کردیئے

چین پاکستان اقتصادی راہداری پورے جنوبی ایشیائی خطہ کیلئے فائدہ مند ہے، مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف بہت واضح ،اس میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ، بھارت کواس پر مسئلہ ہے ،چین منصوبے کی بدولت اپنے ہمسایہ ممالک کی ترقی کے حوالے سے مدد کررہا ہے، چینی وزیر خارجہ

جمعہ 21 اپریل 2017 22:21

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک) پر بھارتی تحفظات مسترد کردیے ،چین نے کہا ہے کہ یہ سی پیک منصوبہ پورے جنوبی ایشیائی خطہ کیلئے فائدہ مند ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ بھارت کے سی پیک پر تحفظات سراسر غلط ہیں ، سی پیک صرف پاکستان چین کیلئے نہیں بلکہ جنوبی ایشیائی خطہ کیلئے سود مند ہے ۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری شراکت داری کا منصوبہ ہے اور اس منصوبہ کا کوئی تعلق بھی مسئلہ کشمیر سے نہیں ہے ۔ بھارت کو مسئلہ یہ ہے کہ کشمیر کے مسئلہ پر چین کا موقف بہت صاف اور واضح ہے اور چین اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا ۔ اس منصوبہ کی بدولت چین اپنے ہمسایہ ممالک کی ترقیاتی حوالے سے مدد کررہا ہے ۔ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ اس منصوبہ میں اگر بھارت حصہ لینا چاہتا ہے تو ہم اسے بھی خوش آمدید کہیں گے ۔ (ن م)