ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان اور عام لوگوں کی شکایات اور سوالات کے بروقت جوابات دینے کیلئے کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا

جمعہ 21 اپریل 2017 21:53

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان اور عام لوگوں کی شکایات اور سوالات کے بروقت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان اور عام لوگوں کی شکایات اور سوالات کے بروقت جوابات دینے کیلئے کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا۔ ایف بی آر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد نے جمعہ کو یہاں ایف بی آر ہائوس میں نئے سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے ٹیکس دہندگان کے سوالات اور شکایات کا 48 گھنٹوں کے اندر جواب دیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کی تنصیب بہت اہم پیش رفت ہے جس سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ہو گی۔ ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایف بی آر نوشین جاوید امجد نے کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ سسٹم کے نمایاں خدوخال کے بارے میں آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین ایف بی آر نے ڈے کیئر سنٹر، نئے کانفرنس رومز کے افتتاح کے علاوہ ایف بی آر فائونڈیشن کے پہلے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سلیم احمد رانجھا سے حلف بھی لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو سینیٹر ہارون اختر خان نے معذور افراد کی سہولت کیلئے ایف بی آر ہائوس کے داخلی راستے پر خصوصی طور پر تیار کئے گئے ریمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایف بی آر ہائوس میں پودے بھی لگائے۔ اسی طرح ایف بی آر اور ریونیو ڈویژن کے ملازمین کیلئے حج کی قرعہ اندازی کا اہتمام بھی کیا گیا