ایس ای سی پی نے سکیورٹیز اینڈ فیوچر ایڈوائزرز 2017ریگولیشنز کی منظوری دیدی

جمعہ 21 اپریل 2017 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سکیورٹیز اینڈ فیوچر ایڈوائزرز (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز 2017 کی منظوری دے دی ہے۔ نئے ریگولیشنز سرکاری گزٹ میں شائع کر دئے گئے ہیں،انہیں ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر بھی ڈال دیا گیا ہے،یہ ریگولیشنز کپیٹل مارکیٹ کے فروغ، لین دین میں شفافیت اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اہم ہیں۔

یہ ریگولیشنز کپیٹل مارکیٹ میں سکیورٹیز اور فیوچر کے لین دینی سے متعلق پیشہ ورانہ مشاورت فراہم کرنے والے اداروں کی لائسنسنگ، مالی وسائل، فرائض و ذمہ داریوں، کوڈ آف کنڈکٹ، آڈٹ اور حسابات، افراد اور اداروں کی اہلیت کے معیار ات سے متعلق رہنمائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ریگولیشنز میں کپیٹل مارکیٹ میں لین دین سے متعلق مشاورت کے حصول اور مشاورت کی فراہمی کے لئے ایک ریگولیٹری فریم ورک فراہم کیا گیا ہے جو کہ سرمایہ کاروں کو بہترین مشاورت کے حصول میں معاون ہوں گے۔

ان ریگولیشنز کے مطابق صرف ضروری تعلیمی اور تکنیکی صلاحیت کے حامل اور صاف شفاف افراد اور ادارے ہی سکیورٹیز اور فیوچر ایڈوائزری کے طور پر کام کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں، میوچل فنڈز یونٹ کے تقسیم کاروں کوجن کے مختلف اًیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ہوں کو بھی ایس ای سی پی سے بطور سکیورٹیز ایڈوائزر لائسنس کا حصول لازمی ہو گا۔ ان ریگولیشنز کے مطابق، ایڈوائزرز کے ئے لازمی ہو گا کہ وہ اپنے ہر صارف کی رسک پروفائلنگ کریں اور اپنے صارف کے مفاداتی تصادم کی روک تھام کے لئے ضروری پالیسیاں، طریقہ کار اور کنٹرول متعارف کروائیں اور اپنے صارف کے مفادات کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں۔

پہلے سے بطور کپیٹل مارکیٹ ایڈوائزر کام کرنے والوں کے لئے بھی لازمی ہو گا کہ وہ ان ریگولیشنز کے نفاذ کے چھ ماہ کے اندر اندر یا فیوچرز ایکٹ کے حصہ چہارم کے آغاز کے ساتھ ہی اپنے کاروبار کے لئے لائسنس حاصل کریں۔ امید کی جاتی ہے کہ کپیٹل مارکیٹ کی مشاورت کے کاروبار کے لئے ایک باقاعدہ ریگولیٹری فریم ورک کی فراہمی سے مارکیٹ ایڈوائزری کے کاروبار کو فروغ حاصل ہو گا اور ان پر باقاعدہ نگرانی قائم ہونے سے سرمایہ کاروں کو حقوق کو بھی تحفظ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :