اسلام آباد میں ثقافتی وعلاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ ،شہریوں کو بھر پور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ایم سی آئی کی ترجیحات میں شامل ہے،نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل میں لوگوں کا جوش و خروش قابل تعریف ہے

میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز کانیزہ بازی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 21 اپریل 2017 21:14

اسلام آباد میں ثقافتی وعلاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ ،شہریوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہاہے کہ اسلام آباد میں ثقافتی بالخصوص روایتی اور علاقائی کھیلوں کی سر گرمیوں کو فروغ اور اسلام آباد کے شہریوں کو بھر پور تفریح کے مواقع فراہم کرنا میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کی ترجیحات میں شامل ہے۔

نیزہ بازی جیسے روایتی کھیل میں لوگوں کی دلچسپی اور اس کھیل میں جوش و خروش قابلِ تعریف ہے۔وہ جمعہ کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے زیرِ اہتمام F-9 پارک میں ہونے والے دوروزہ نیزہ بازی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ نیزہ بازی کا کھیل جرات، بہادری اور مہارت کے ساتھ کھیلا جانے والا وہ کھیل ہے جو کھیل ہمارے آبائو اجداد کی شاندار روایات کا آئینہ دار بھی ہے، نیزہ بازی جیسے تفریحی مقابلوں کے انعقاد کا مقصد جہاں روایتی کھیلوں کی جانب لوگوں کو راغب کرنا ہے وہاں اسلام آباد کے شہریوں کو مثبت سرگرمیوں اور تفریح کے مواقع مہیا کرنا بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیزہ بازی کے مقابلوں کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی کثیر تعداد میں شہسواروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابلِ ستائش ہے،آئندہ نیزہ بازی کے کھیل کے ہر سال با قاعدگی سے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔نیزہ بازی کے مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں ایم سی آئی کے ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی کے علاوہ ایم سی آئی کے دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ نیزہ بازی کے دور روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے 125 کلب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اختتامی تقریب میں نیزہ بازی کے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گھڑ سواروں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :