ْپی آئی اے اندرون و بیرون ملک روٹس پر اپنا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کر رہی ہے، نیئر حیات

جمعہ 21 اپریل 2017 21:04

ْپی آئی اے اندرون و بیرون ملک روٹس پر اپنا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء)پی آئی اے اندرون ملک اور بیرون ملک روٹس پر اپنا مارکیٹ شیئر دوبارہ حاصل کر رہی ہے اور سیٹ فیکٹر میں اضافہ ایئر لائن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار پی آئی اے کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر نیئر حیات نے کراچی ریجن کے ٹریول ایجنٹس کو پی آئی اے کی جانب سے ان کی بہترین کارکردگی پر ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان ہدف کا حصول ہما رے کاروباری پارٹنر ز کے تعا ون کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کمرشل ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال سیلز میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور اس سال کی پہلی سہ ماہی کے نتائج بھی نہایت حوصلہ افزا ہیں ۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر نے ٹریول ایجنٹس کو اپنے بھر پور تعان کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن کی کارکردگی میں بہتری ہم دونوں کے مفاد میں ہے اور پی آئی اے نئی پروازیں شروع کرنے کے علاوہ موجودہ منافع بخش روٹس کیلئے بھی پروازیں بڑھا رہی ہے ۔

انہوں نے بتایاکہ 25 اپریل سے مسافروں کی سہولت کیلئے پی آئی اے کراچی سے لندن کیلئے روزانہ سفر کی سہولت کاآغاز کر رہی ہے۔ اس موقع پر پی آئی اے کے جنرل مینیجر مارکیٹ پلاننگ علی طاہر نے ایورڈ حاصل کرنے والے ٹریول ایجنٹس اور پی آئی اے سیلز ٹیم کو اہداف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ پی آئی اے کے جنرل مینیجر پسنجر سیلز نوشیروان عادل نے پی آئی اے کے آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کمرشل ٹیم اور ٹریول ایجنٹس کے باہمی تعاون سے پی آئی اے کو اپنا مارکیٹ شیئر بہتر بنانے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔

تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی21 ٹریول ایجنٹس اور پی آئی اے سیلز ٹیم کی17 ارکان کو ایوارڈ دئے گئے۔ تقریب میں پی آئی اے کے سینئر افسران اور ٹریول انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے شرکت کی۔