سپریم کورٹ فیصلہ کے بعد الزامات کی بنیاد پر وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والے جمہوریت کے دشمن ہیں، لیگی ورکرز

جمعہ 21 اپریل 2017 20:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد صرف الزامات کی بنیاد پر وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والے جمہوریت کے دشمن ہیں، الزام تراشیاں کرنے والے جان لیں کہ اب شکست ان کا مقدر بن چکی ہے، آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، نوازشریف ایک بار پھر وزیراعظم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ورکروں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے والے رہنمائوں کے ردعمل کے طور پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک جس تیزی سے ترقی کر رہا ہے اس کی مثالیں ملک میں جاری میگا پراجیکٹس ہیں، الزام تراشیاں کرنے والے اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو ماننے سے انکار کرنے والے اپنے صوبوں کے حالات کا بغور جائزہ لیں کیونکہ عمران خان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں لوگ ہائے پانی ہائے پانی کی صدائیں بلند کر رہے ہیں، اکثر اضلاع میں غیر منتخب نمائندوں نے سرکاری محکموں کی بھاگ دوڑ سنبھال رکھی ہے جبکہ جیلوں سے قیدیوں کو ان کی سزائیں پوری ہونے سے پہلے آزاد کروایا جا رہا ہے لہذا وہ پہلے ایک صوبہ میں بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں چاہئے کہ وہ وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ کر حقیقت کا سامنا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے اعلان نے ثابت کر دیا ہے کہ محمد نوازشریف کا دامن صاف ہے اور ان پر الزامات لگانے والوں کو جے آئی ٹی کی تحقیقات کے بعد دوبارہ مُنہ کی کھانے پڑے گی۔