ملک و قوم کواقبال کے افکار کو مسلک سے بالاتر ہو کر اپنانے کی ضرورت ہے ‘ذکراللہ مجاہد

اسلام دشمن عناصر ایک ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کو سیکولرازم کی طرف دھکیل رہے ہیں ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 21 اپریل 2017 20:47

ملک و قوم کواقبال کے افکار کو مسلک سے بالاتر ہو کر اپنانے کی ضرورت ہے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار کو مسلک کی سوچ سے بالاتر ہو کر اپنانے کی ضرورت ہے کیونکہ اقبال کے افکار کسی مسلک کے لیے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انھوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہدنوید ملک، امراء علاقہ جات جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمد شوکت ، محمد شفیق ملک ،خالد بٹ و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے افکار کو ملک وقوم کے بہترین مفاد کے لیے لائحہ عمل کے طور پر نمونہ اپنائیں تاکہ ملک کے موجودہ مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ عالم اسلام آج بھی فرقہ واریت ، برادری ازم عرب و عجم کی تفریق کا شکا ر ہے اور اسلام دشمن عناصر ایک خاص ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کو سیکولرازم کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مغرب اور ملک میں موجود سیکولر طبقے کی سازشوں کی وجہ سے ملک وقوم تقسیم در تقسیم ہو رہی ہے ۔آج اسلام اور اس کے صحیح تصورات کو معاشرے میں اُجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک و قوم اور اسلامی نظریات کی بقا کیلئے جماعت اسلامی اپنا مثبت کردار روز ائول سے کرتی آئی ہے اور کرتی رہے گی ۔ دین اسلام کسی ایک فرد کی اخلاقی تربیت پر زور نہیں دیتا بلکہ وہ بتدریج پوری انسانیت میں بنیادی انقلابی تبدیلی پر زور دیتا ہے اور اس مشن کو ملک میں جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں پا یاتکمیل تک پہنچا کر دم لے گی جس کے لیے ہمیں اپنی تمام صلاحیتوں کے ساتھ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :