حکومت نے جنرل (ر) راحیل شریف کو مجوزہ اسلامی اتحادی فوج میں شمولیت کیلئے این او سی جاری کر دیا گیا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

جمعہ 21 اپریل 2017 20:31

حکومت نے جنرل (ر) راحیل شریف کو مجوزہ اسلامی اتحادی فوج میں شمولیت کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) وفاقی حکومت نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو مجوزہ اسلامی اتحادی فوج میں سربراہ کی حیثیت سے شامل ہونے کیلئے این او سی جاری کر دیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ چند روز قبل جنرل (ر) راحیل شریف کو این او سی جاری کر دیا گیا تھا انہیں تمام ضوابط پورے کئے جانے کے بعد این او سی دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ جنرل (ر) راحیل شریف اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ کا چارج سنبھالنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے نومبر 2016ء تک بری فوج کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں اور اپنی تین سالہ مدت کے دوران ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد میں بڑی پذیرائی حاصل کی۔ پاکستان آرمی کو ایک طاقتور جنگی فوج بنانے کیلئے ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔