پاناما کیس،سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کیلئے متعلقہ اداروں سے نام طلب کرلئے

اٹارنی جنرل ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت 6 اداروں کو فیصلے کی کاپی بھجوا دی گئی وزیر اعظم نواز شریف، حسن او ر حسین کو جے آئی ٹی سے تعاون کیلئے نوٹس جاری

جمعہ 21 اپریل 2017 19:19

پاناما کیس،سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کیلئے متعلقہ اداروں سے نام طلب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میںجوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے لیے متعلقہ اداروں سے نام طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت چھ اداروں کو فیصلے کی کاپی بھجوا دی ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف انکے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو نوٹسز جاری کرتے ہوے جے آئی ٹی سے تعاون کی ہدایت کر دی ہے، ،ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے جمعہ کو جاری نوٹسز وزیراعظم کے سیکرٹری اور ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے ذریعے بھجوائے گئے جن میں وزیراعظم اور انکے صاحبزادوں کو جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم سے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے بھی متعلقہ اداروں سے نام طلب کرتے ہوئے پانامہ لیکس کے فیصلے کی کاپی اٹارنی جنرل آفس اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، چیئرمین نیب ، گورنر سٹیٹ بنک ، چیئرمین سکیورٹی ایکسچینج کمیشن ،اور سیکرٹی دفاع کے ذریعے ڈی جی آئی ایس آئی اور ایم آئی کوارسال کردی ہے ، ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد متعلقہ ادارے جے آئی ٹی کیلئے اپنے نمائندوں کے نام سپریم کورٹ کو بھجوائیں گے اور اگر سپریم کورٹ ان ناموں پر متفق ہوئی تو جے آئی ٹی تشکیل دیدی جائے گی جو پاناما کیس کی مزید تحقیقات کرے گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جمعرات کے روز پانامہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم اور انکے زیر کفالت بچوں کے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا ۔