سپریم کورٹ نے پانامہ کیس فیصلے کی نقول چھ مختلف قومی اداروں کوبھجوادیں، جے آئی ٹی کیلئے اپنے نمائندے نامزد کرنے کی ہدایت کردی

جمعہ 21 اپریل 2017 17:55

سپریم کورٹ نے پانامہ کیس فیصلے کی نقول چھ مختلف قومی اداروں کوبھجوادیں، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2017ء) سپریم کورٹ نے پانامہ پیپرزلیکس کے حوالے سے جاری فیصلے کی نقول چھ مختلف قومی اداروں کوبھجواتے ہوئے انہیں جے آئی ٹی کیلئے اپنے نمائندے نامزد کرنے کی ہدایت کردی، جن اداروں کوعدالتی فیصلے کی نقول بھیجی گئی ہیں ان میں نیب، ایف آئی اے، سیکورٹی اینڈ ایکسیچینج کمیشن، سٹیٹ بینک، آئی ایس آئی اورایم آئی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ سپریم کورٹ کے متعلقہ دفترنے پانامہ کیس فیصلے کی کاپی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اوردیگرمتعلقہ دفاتر کو بھی بھیج دی ہے۔ سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ متعلقہ ادارے جے آئی ٹی کیلئے اپنے نمائندے نامزد کرکے فہرست چیمبرمیں عدالت کوپیش کی جائے جس کے بعد عدالت پیش کردہ افسران میں سے جے آئی ٹی کیلئے نامزدگیاں کرے گی۔ ممکنہ طورپرسات روزکے اندرجے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی جوہر15دن میں تحقیقات کے حوالے سے عدالت کوپیشرفت کی رپورٹ دینے کے ساتھ 60 روزمیں حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔ جے آئی ٹی عدالتی فیصلہ میں اٹھائے گئے 13 سوالات کے حوالے سے تحقیقات کرے گی۔